نیپا چورنگی حادثہ، بی آر ٹی انتظامیہ نے کے ایم سی کے الزام کو سنگین قرار دے دیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر تین سالہ بچے کی ہلاکت پر بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے مینیجر نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے مینیجر نے نیپا چورنگی پر قائم مارٹ کے نزدیک پیش آنے والے افسوسناک واقعے سے متعلق بیان میں کہا کہ 30 نومبر 2025 کی رات تین سالہ بچے ابراہیم کی کھلے مین ہول میں گر کر ہلاکت انتہائی دل خراش سانحہ ہے اور پروجیکٹ انتظامیہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
ریڈ لائن بی آر ٹی کے مینیجر انوائرنمینٹل اینڈ سوشل سیف گارڈ نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ واقعہ اُس مقام پر پیش آیا جو بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی علاقے سے خاصے فاصلے پر واقع ہے، جہاں نہ کوئی کھدائی جاری تھی، نہ بی آر ٹی کی کوئی مشینری، سرگرمی یا رکاوٹ موجود تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ سڑک کی حالت بھی مکمل تھی اور واقعہ جس پرانے سیوریج چینل کے مین ہول میں پیش آیا، وہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے انتظامی یا عملی دائرہ کار میں شامل نہیں۔
بی آر ٹی ریڈ لائن انتظامیہ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر کا خط حقیقت کے برعکس تاثر پیدا کرتا ہے، جبکہ زمینی صورتحال اس کے بالکل خلاف ہے کیونکہ نہ تو واقعے کے مقام پر تعمیراتی سرگرمی ہوئی اور نہ آس پاس کوئی کام ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ کے بی آر ٹی کے تمام تعمیراتی کام متعلقہ اداروں سے این او سی حاصل کرنے کے بعد ہی شروع کیے جاتے ہیں اور کھدائی کی صورت میں جگہ کو فوراً بھر کر محفوظ بنایا جاتا ہے، پارکنگ ایریا جہاں سانحہ پیش آیا، وہ اسٹور کی ملکیت میں ہے اور بی آر ٹی کے کاموں سے کافی دور ہے، اس لیے اس سانحے کو بی آر ٹی ریڈ لائن پراجیکٹ سے جوڑنا غیر ذمے دارانہ اقدام ہے۔
بی آر ٹی ریڈ لائن انتظامیہ نے مزید بتایا کہ چونکہ بی آر ٹی ریڈ لائن پراجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے چل رہا ہے، اس لیے تعمیراتی مقامات پر سخت حفاظتی اصولوں (OHS) کا اطلاق کیا جاتا ہے اور ان کی مسلسل نگرانی ہوتی ہے۔
پراجیکٹ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ وہ تمام فریقوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور تعمیراتی مقامات پر تحفظ کے اعلیٰ معیار برقرار رکھے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بی آر ٹی ریڈ لائن میں کہا انتظامیہ نے
پڑھیں:
کراچی نیپا چورنگی حادثہ، علاقہ مکینوں کا رات گئے ایکبار پھر احتجاج، دوبارہ مظاہرے کا اعلان
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کسی جماعت سے نہیں ہے، ہم علاقہ مکین ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ میئر کراچی استعفیٰ دیں، اب یہ تحریک نہیں رکے گی۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گلشن اقبال نیپا چورنگی ڈپارٹمنٹل اسٹور کے قریب کمسن ابراہیم کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے واقعے کے خلاف پیر کی شب علاقہ مکینوں نے ایک بار پھر سے جائے وقوعہ کے قریب احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔ اس موقع پر مشتعل افراد کی جانب سے ٹائروں کو بھی نذر آتش کیا گیا اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف نعرے لگائے، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے، جس پر مختلف نعرے درج تھے۔ احتجاج کے باعث نیپا سے حسن اسکوائر جانے والے ٹریک پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کسی جماعت سے نہیں ہے، ہم علاقہ مکین ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ میئر کراچی استعفیٰ دیں، اب یہ تحریک نہیں رکے گی، منگل کی شام 4 بجے نیپا چورنگی کے قریب دوبارہ احتجاج کیا جائے گا۔