موثر اقدامات سے لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری، راوی سٹی میں ترقیاتی کام تیز کئے جائیں: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایم ٹو راوی ٹول پلازہ ریور ٹریننگ ورکس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ریور ٹریننگ ورکس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈا پیکج 16ریور ٹریننگ ورکس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پر اجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے راوی سٹی میں ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین روڈا شاہد اشرف تارڑ، سی ای او عمران امین، سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے سائیٹ پر بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قلات میں 12 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ کہا کہ ریاست پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کا حتمی فیصلہ کر چکی ہے۔ دریں اثناء مریم نواز شریف نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن ڈے پر اپنے پیغام میں کہاکہ معیشت، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے ایوی ایشن کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب حکومت جدید ہوائی سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پْرعزم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے موثر اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں لاہور کی فضا 42 فیصد بہتر ہوئی ہے۔ ڈیٹا کے تجزیہ سے نومبر کے 30 میں سے 23 دنوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری دیکھی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال نومبر میں فضائی بہتری ہماری محنت اور عوام کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام اداروں کو شاباش دیتی ہوں۔ فضائی معیار کی بہتری ابتدا ہے، ماحول دوست پنجاب حتمی منزل ہے۔ جدید فارکاسٹنگ سسٹم موجود ہے، بذریعہ ٹیکنالوجی، مانیٹرنگ اور سرویلنس استعمال کی جا رہی ہے۔ بھٹوں اور انڈسٹریل یونٹس کی انوائرمینٹل کنٹرول سسٹمز کی کیوارکوڈڈ نگرانی جاری ہے۔ سپر سیڈرز نے بہترین کام کیا، پانچ ہزار سپرسیڈرز فیلڈ میں تھے جس کی وجہ سے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی۔ دن بدن درجہ حرارت کی کمی کے باعث مشکل ٹائم زون میں داخل ہو رہے ہیں۔ فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لئے ابھی بہت کام باقی ہے اور عوام کو بہت ساتھ دینا ہو گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف نے
پڑھیں:
کھربوں کے پروجیکٹ میں کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دے: مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چیلنج دیا ہے کہ صوبے کے کھربوں کے پروجیکٹ میں کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دے۔ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی میراث آج پنجاب میں جاری ہے، ان کے وژن سے سیکھ کر ترقیاتی منصوبے شروع کیے، گوجرانوالہ میٹرو اور دیگر منصوبے ان کے وژن کو جاری رکھتے ہیں، چند دنوں میں فیصل آباد میٹرو منصوبے کا آغاز بھی ہوگا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر ترقیاتی منصوبے میں نواز شریف اور شہباز شریف کی مہر ہے، صوبے میں انفراسٹرکچر، ہیلتھ، ایجوکیشن اور ڈولپمنٹ کے منصوبے جاری ہیں، پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر مستحکم ہو رہی ہے، چالیس فیصد مہنگائی سے چار فیصد تک کمی آئی ہے، سی پیک، میٹرو بس، اورنج لائن، تعلیم و ٹیکنالوجی میں ترقی ہو رہی ہے، معرکہ حق میں کامیابی سے لے کر مہنگائی میں کمی تک ہر شعبے پر شہباز شریف کی مہر ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی، خیبر پختونخوا میں 12 سال سے برسر اقتدار حکومت کی کارکردگی صفر ہے، وہاں کے عوام نے جھوٹ کی سیاست کو خیرباد کہہ کر ن لیگ کو ووٹ دیا، صوبے کے ایک وزیر اعلیٰ وفاق اور پنجاب کی سرکاری مشینری پر حملہ آور ہوا، موجودہ وزیر اعلیٰ اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کے بجائے صوبے کی ترقی پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر کے تحت ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں، ہزاروں کی تعداد میں اپنا گھر منصوبے کے تحت گھر مکمل ہو رہے ہیں، ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ بن گیا ہے، فوربز میگزین نے بھی اس پروگرام کی پذیرائی کی۔ ’پنجاب بھر میں سیوریج کا نیا نظام لا رہے ہیں، پینے کے صاف پانی کے منصوبے جاری ہیں، پنجاب ڈولپمنٹ پروگرام شروع ہو چکا ہے، شہروں میں سیوریج اور ڈرینج کا کام شروع کر رہے ہیں، اس سال 2600 ماڈل ولیج بنالیں گے، اس سال 6 ہزار گلیاں مکمل ہو چکی ہے مزید 10 ہزار بھی مکمل ہونے والی ہیں، رنگ روڈ لاہور کے پاس نواز شریف ڈسٹرکٹ بننے جا رہا ہے، اس میں وہ تمام اسپتال بن رہے ہیں جن کا علاج پاکستان میں موجود نہیں، سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام شروع کر دیا، ساہیوال میں کارڈیالوجی سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔‘ مریم نواز نے مزید کہا کہ ساڑھے 7 لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ ملا ہے، کسانوں کو 30 ہزار ٹریکٹر دیے ہیں، معذوروں کو ہمت کارڈ کے ذریعے گھر بیٹھے پیسے دیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پورا پنجاب کیمروں سے کور ہے، سی سی ڈی کی وجہ سے پنجاب میں جرائم میں 80 فیصد کمی آ چکی ہے، پنجاب اب ایک محفوظ صوبہ بن چکا ہے، خواتین کہنے لگ گئیں پنجاب ان کیلیے محفوظ صوبہ ہے، چند دنوں میں پنجاب ڈرگ فری صوبہ بن جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کی زمینوں پر قبضہ ہے 24 گھنٹے میں فیصلہ ہو رہا ہے، چند دنوں میں 5 ہزار لوگوں کے فیصلے ہو کر پراپرٹی ڈیلیور ہو چکی ہے، پنجاب میں سفارش اور ڈالا کلچر ختم کر کے میرٹ پر فیصلے کیے جا رہے ہیں، کنٹریکٹ بھی ای ٹینڈر کے ذریعے ہو رہے ہیں۔