پنجاب، بھاری ٹریفک جرمانوں کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، شہری پریشان
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
فائل فوٹو
پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ اور بھاری ٹریفک جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے۔
لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں ہڑتال کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسکول وینز مالکان بھی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال میں شریک ہوگئے ہیں جس کے باعث بچے اسکول نہیں پہنچ سکے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے مذاکرات کا پہلا دور ناکام رہا، مذاکرات کا اگلا دور آج دوپہر 2 بجے ہوگا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
گڈز ٹرانسپورٹرز کا غیر معینہ مدت کیلیے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
کراچی:گڈز ٹرانسپورٹرز نے بروز پیر سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔
اس اعلان کا اظہار سابق رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے ویڈیو بیان میں کیا۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز نے پنجاب حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا، جس میں گاڑیوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لینے، گاڑیوں کو ناجائز روکنے کا سلسلہ ختم کرنے اور ڈرائیورز کی گرفتاریوں پر اعتراضات شامل تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کے ڈرائیورز کو لاک اپ میں رکھا گیا جبکہ متعدد گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں، جس پر احتجاج کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو تین روز کی مہلت دی تھی۔
ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ 72 گھنٹوں کے دوران اگرچہ پنجاب حکومت کے نمائندوں نے رابطہ کیا لیکن مطالبات کے حل کے لیے کوئی عملی پیش رفت نہیں کی گئی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پیر سے کراچی سمیت ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کوئی لوڈنگ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومتیں تمام مطالبات تسلیم نہیں کرتیں، پہیہ جام ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
ملک شہزاد اعوان نے اس تمام تر صورتحال کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو قرار دیا۔