بیرسٹر گوہر چیئرمین تسلیم نہ ہوئے، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم نہ کیے جانے کے بعد تحریک انصاف عملاً غیر مؤثر ہو گئی ہے۔
اس سے قبل رجسٹریشن سے محرومی کے باعث پی ٹی آئی انتخابی عمل سے بھی باہر ہو چکی تھی، جس کے بعد اس کی قانونی و سیاسی حیثیت مزید کمزور ہو گئی ہے۔
قابل اعتماد سیاسی ذرائع کے مطابق سینیٹ میں آزاد حیثیت سے منتخب ارکان نے بھی پی ٹی آئی سے وابستگی ختم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں ایوان بالا میں پی ٹی آئی سب سے چھوٹا گروپ بن کر رہ گئی ہے۔ حکومت اگرچہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے پر سنجیدگی سے غور نہیں کر رہی تھی، تاہم الیکشن کمیشن کے فیصلے نے اس سمت راستہ ہموار کر دیا ہے۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی غیر معمولی طور پر سخت کر دی گئی ہے۔ پیر سے بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر رینجرز کے دستے بھی طلب کیے جا سکتے ہیں، تاہم اہلکاروں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق جیل کے گرد تین سطحی سکیورٹی نظام نافذ کر دیا گیا ہے اور صرف منظور شدہ افراد کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی کو دی گئی سہولتیں برقرار ہیں، تاہم لاہور سے نجی ڈاکٹروں کو بلانے کی درخواست منظور ہونے کا امکان نہیں، علاج صرف جیل یا سرکاری طور پر نامزد ڈاکٹروں سے ہی ممکن ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے مایوسی ہوئی، بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے مایوسی ہوئی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، ان سے ملاقاتوں کی اجازت ملے تو معاملات بہتری کی طرف چلے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ریاستی ادارے اور سیاسی لوگ ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہیں یا خطرہ سمجھیں تو یہ افسوس ناک ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع اہم ہے، پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں تھا، نہ ہے نہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی ہمارا ہے، فوج بھی ہماری ہے، یہ وقت ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں اور جگہ دیں، اعتماد کے فقدان کو ختم کریں۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تناؤ کم کرنے میں کردار ادا کریں۔