دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، نوجوان مایوس نہ ہوں: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
لاہور، وزیر آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، پاکستان سیاستدانوں، جرنیلوں، طاقتوروں کا نہیں عوام کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرآباد میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت عوام میں چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لیے بلاسود قرض فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری ، صدر الخدمت پنجاب اکرام الحق سبحانی، نائب صدر الخدمت پاکستان ابرار احمد مگوں اور امیر ضلع ناصر محمود کلیر نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران طبقہ نے قرضے لے کر معاف کرائے ، انہوں نے تعلیم ، صحت اور تھانہ کچہری کا نظام برباد کر دیا ۔ اختیار چند خاندانوں تک محدود ہے، نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ، نئی نسل میں جان بوجھ کر مایوسی پھیلائی جارہی ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کے احکامات مان کر زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، چھوٹے کسان پریشان ہیں۔ حکمران عوام کے فائدے کے لیے چند اقدامات محض نمائشی مقاصد کے لیے کرتے ہیں۔انہیں عوام یا نوجوانوں کی مجموعی بہتری سے کوئی سروکار نہیں، عوام کو بے اختیار کردیا گیا۔ پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام آئین و جمہوریت کے منافی ہے، موجودہ حالات سے نوجوان طبقہ مایوس نہ ہو بلکہ جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کرے، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ظلم کے خلاف جدوجہد تیز ہوگی اور قوم کے تعاون سے پاکستان میں حقیقی تبدیلی لائیں گے، عوام کا استحصال قبول نہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: امیر جماعت اسلامی
پڑھیں:
بلاسود قرضہ فراہمی کی تقریب، حافظ نعیم الرحمٰن کا خطاب
امیر جماعتِ اسلامی پاکستان، حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیرِآباد میں بلاسود قرضہ فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرکاری نظام کو بہترین ہونا چاہیے، لیکن موجودہ صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے اور ہر شعبہ طبقاتی تقسیم کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے تقریباً 44 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر اسکیمیں موجود ہیں، لیکن یہ غربت ختم کرنے میں ناکام ہیں اور حکومت صرف دکھاوے کی اقدامات کر رہی ہے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے نوجوانوں کے مسائل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان مایوس ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو آئی ٹی کے کورسز فراہم کیے جائیں تو وہ بہت سے شعبوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ تھانہ و کچہری کے موجودہ نظام، جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو ختم کرنا ضروری ہے، اور اس کے لیے مؤثر اور مضبوط آواز بلند کی جانی چاہیے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہیے اور جماعتِ اسلامی آئندہ وقت میں خود کو مزید متحرک اور سرگرم کرے گی۔