نادرا کی لسانی بنیادوں پر امتیازی نوٹس سے متعلق وضاحت، گمراہ کن پروپیگنڈا مسترد
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے لسانی بنیادوں پر مبینہ امتیازی نوٹس سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو گمراہ کن اور بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مخصوص سیاسی عناصر کی جانب سے ایک بار پھر جھوٹا اور من گھڑت بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعلقہ ٹویٹ کو نادرا جعلی خبر کے طور پر مکمل طور پر رد کرتا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں نادرا کے کسی بھی دفتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس آویزاں نہیں کیا گیا۔ نادرا اپنے قومی مینڈیٹ کے تحت تمام شہریوں کو بلا امتیاز خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس میں کسی قسم کی تفریق کی کوئی گنجائش نہیں۔
نادرا کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اس خبر کے ذریعے جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کیا گیا تاکہ ملک میں بے چینی اور انتشار پیدا کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ بعض عناصر جھوٹ اور من گھڑت اطلاعات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور مستند معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کریں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ملک میں خام تیل اور گیس کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ
ملک میں خام تیل اور گیس کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق 8 دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار66014بیرل ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں0.05فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار65975بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق 8دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار2917ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 6فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے میں ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار2750ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈکی گئی تھی۔ اعدادوشمارکے مطابق8دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار27 ہزار288بیرل ، پی پی ایل 10ہزار239بیرل ، ماڑی گیس 1000بیرل اور پی او ایل کی خام تیل کی اوسط پیداوار4532بیرل ریکارڈکی گئی۔ اسی طرح 8 دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران او جی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار609، پی پی ای536،ماڑی گیس 872اورپی او ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار46ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔