Jasarat News:
2025-04-26@10:48:48 GMT

کاروبار میں نفع کا تناسب

اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT

مسلمان تاجروں کو چاہیے کہ وہ کم نفع پر صبر کی روش اختیار کریں اور اپنی تجارت میں جذبۂ احسان کو پیش نظر رکھیں کیوں کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ’’بے شک اللہ تعالیٰ عدل و احسان کا حکم دیتا ہے‘‘۔ (النحل: 90) اور فرمایا: ’’بے شک اللہ تعالیٰ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے‘‘۔ (الاعراف: 56) اس لیے ضرورت مند خریدار اگر اپنی ضرورت کے تحت زیادہ نفع دینے پر بھی تیار ہو، تو بھی جذبۂ احسان کا تقاضا یہ ہے کہ زیادہ نفع نہ لے۔ کم نفع لے کر زیادہ مال فروخت کرنا ایک ایسی پالیسی ہے جس سے تجارت کافی ترقی کرتی ہے۔ سلف صالحین کی عادت بھی یہی تھی کہ کم نفع پر زیادہ مال فروخت کرنے کو، زیادہ نفع حاصل کرنے پر ترجیح دیتے تھے۔ سیدنا علیؓ کوفہ کے بازار میں چکر لگاتے تھے اور فرماتے تھے کہ: ’’اے لوگو! تھوڑے نفع کو نہ ٹھکراؤ کہ زیادہ نفع سے بھی محروم ہوجاؤ گے‘‘۔ عبدالرحمٰن بن عوفؓ سے ایک بار لوگوں نے پوچھاکہ آپ کس طرح اتنے دولت مند ہوگئے؟ تو انھوں نے فرمایاکہ میں نے تھوڑے نفع کو بھی کبھی رد نہیں کیا۔ جس نے بھی مجھ سے کوئی جانور خریدنا چاہا میں نے اسے روک کر نہ رکھا بلکہ فروخت کردیا۔
ایک دن عبدالرحمٰن بن عوفؓ نے ایک ہزار اونٹ اصل قیمت ِخرید پر فروخت کردیے اور بجز ہزار رسیوں کے کچھ نفع حاصل نہ کیا۔ پھر ہر ایک رسّی ایک ایک درہم سے فروخت کی اور اونٹوں کے اس دن کے چارے کی قیمت ایک ہزار درہم ان کے ذمے سے ساقط ہوگئی۔ اس طرح دوہزار درہم کا انھیں نفع حاصل ہوا۔ (کیمیاے سعادت)

یہ ہے تجارت میں ترقی کا راز! لیکن اس سلسلے میں ہمارے یہاں بڑی بے صبری پائی جاتی ہے۔ ہم چند دنوں میں ہی لکھ پتی اور کروڑ پتی بن جانا چاہتے ہیں، جس کا نقصان سامنے آکر رہتا ہے، جب کہ بعض دوسری قوموں نے اس پالیسی کو اپنا لیا ہے اور وہ اس کا خوب پھل کھارہے ہیں۔
یہاں یہ واضح کردینا بھی مناسب ہے کہ اگرچہ تاجر کو اپنی چیزوں کا نرخ (Rate) مقرر کرنے کا حق ہے اور فطری اصول و ضوابط کے تحت قیمتوں میں اضافہ کرنا بھی درست ہے، لیکن اتنا اضافہ جو غیرمعمولی، غیر فطری، غیر مناسب اور غیرمنصفانہ ہو اور جس سے صارفین کے استحصال کی صورت پیدا ہوتی ہو، درست نہیں۔ ایسی صورت میں حکومت ِوقت کو اشیا کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کی حکمت عملی اپنانی چاہیے اور عوام کو تاجروںکے رحم و کرم پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔ شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ رقم طراز ہیں: ’’اگر ان (تاجروں) کی طرف سے (قیمتوں کے تعین میں) کھلا ظلم دکھائی دے، تو ان (قیمتوں) میں تبدیلی (یعنی کنٹرول) جائز ہے، کیوں کہ یہ (غیر مناسب بھاؤ بڑھا دینا) فساد فی الارض ہے‘‘۔ (حجۃ اللہ البالغہ)

اس عبارت کی تشریح میں مولانا سعید احمد پالن پوری لکھتے ہیں: ’’اگر تاجروں کی طرف سے عام صارفین پر زیادتی ہورہی ہو، اور زیادتی ایسی واضح ہو کہ اس میں کوئی شک نہ ہو، تو قیمتوں پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے، کیونکہ ایسے وقت بھی تاجروں کو ظالمانہ نفع اندوزی کی چھوٹ دینا اللہ تعالیٰ کی مخلوق کو تباہ کرنا ہے‘‘۔ (رحمۃ اللہ الواسعۃ شرح حجۃ اللہ البالغہ) اس لیے تاجروں کو چاہیے کہ وہ قیمتوں کے تعلق سے بازار میں ایسی نامناسب صورتِ حال پیدا نہ کریں جو عوام کے لیے پریشانی کا باعث اور حکومتی مداخلت کا جواز فراہم کرے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: اللہ تعالی زیادہ نفع

پڑھیں:

اگر ہم چاہیں تو!

یہ بات حق و سچ ہے کہ ہم یقیناً امریکہ سمیت دنیا بھر سے ملنے والی امداد کے بغیر جی نہیں سکتے ہیں اگر ہم اور حکمران چاہیں تو یہ یقیناً ممکن ہے کہ ہم ان امداد کےبغیر جی بھی سکتے ہیں اور ترقی بھی کرسکتے ہیں۔ اس سوال کا پہلا مختصر ترین جواب تو یہ ہے۔ اگر ہم اصل حقائق پر نظر ڈالیں تو حقیقت کھل کر ہم سب کے سامنے آجائے گئی۔ سب سے پہلے تو اس حقیقت کو سمجھنا ہوگا اور اس پر کامل ایمان بھی لانا کی ضرورت ہے کہ پاکستان ایک خالص اسلامی مملکت ہے یہ اٹھانوے فیصد مسلمان آبادی والا ملک ہے جسے خالص اسلام اور اللہ کے نام پر قائم کیا گیا تھا اور ہمارا نعرہ بھی یہی تھا اور اب بھی ہے کہ پاکستان کا مطلب کیا لا الہٰ اللہ، کوئی نہیں ہمارا معبود سوائے اللہ کے۔ کتنی حیرت کا مقام ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان اور پاکستانی، واحد اور احد اللہ کے ماننے والے ہوکر اپنے پروردگار سے مانگنے، اس کے آگے دستِ سوال دراز کرنے کے بجائے امریکہ سمیت دنیا بھر سے مانگتے ہوئے نظر آرہے ہوتے ہیں۔
جیسا کہ ہم سب کے علم میں یہ بات واضح ہی کہ امریکہ معیشت و اقتصادیات پر یہودی تاجروں کا قبضہ ہے اور وہ اپنی تجارت اپنے اصولوں، انداز و طریقوں سے ہی کرنے کے عادی رہے ہیں، ان کی تو نسل در نسل بے ایمان ہے۔ قرآن ان کی بد معاملگی اور بے ایمانی پر گواہ ہے، وہ اپنی تجارت کو سود در سود پر چمکانے کے عادی ہیں اور ہمیشہ سے رہے ہیں۔ بے ایمانی اور کرپشن ان کا وتیرہ اورکاروباری اصول رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کی معیشت اور اقتصادیات پر اپنے ان ہی اصولوں کے تحت حملہ کرکے قابض ہو بیٹھے ہیں اور اس میں ہم اس طرح جکڑ کر رہ گئے ہیں کہ چاہ کر بھی ہم اس سے جان نہیں چھڑا سکیں گے بلکہ اس کے کئی نقصانات بھی عوام اور ملک کو اٹھانے بھی پڑ رہے ہیں اور وطن عزیز کے حکمران اور سیاست دان فائدہ اٹھاتے ہوئے نظر آرہے ہوتے ہیں اور ساتھ ہی یہ لوگ یہ بات بھول بیٹھتے ہیں کہ اس واحد اور احد رب کی ’’لاٹھی‘‘ بے آواز پڑتی ہیں اور جب وہ رحیم احد رب ’’رسی کھینچتا‘‘ ہے تو انسان کتنے خسارے میں تب جاکر پتا چل جاتا ہے۔
آئی ایم ایف ہو یا عالمی بنک، یہ عالمی سطح کے بنک ہیں جو افراد سے نہیں ممالک سے ڈیل کرتے ہیں اور ممالک کو اس کے حکمران چلاتے ہیں وہی دست سوال دراز کرتے ہیں اور ان تمام ممالک کو جو قرضوں کے ضرورت مند ہوتے ہیں۔ انہیں یہ دونوں عالمی ادارے اپنی شرائط سے باندھے رکھنے کے لیے اپنی من مانی شرائط پر ہی قرضے فراہم کرتے ہیں اور اپنی شرائط منوانے کے لیے قرض خواہ ممالک کے سربراہان اور متعلقہ افراد کو وہ مطلوبہ رقوم کا تقریباً چالیس فیصد تک کک بیک یا کمیشن کے بطور ادا کرکے ان کے منہ کو خون لگا دیتے ہیں کہ یہی ان کا سنہری اور تجارتی اصول ہے۔ باقی ماندہ ساٹھ فیصد میں سے پندرہ سے بیس فیصد خود ان اداروں کے ان افراد کی کمیشن ہوتی ہے جو ان ممالک کے لیے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ باقی پینتالیس فیصد تک بچ رہ جانے والی رقم وہ بھی کئی قسطوں میں سخت ترین شرائط سے بندھی ہوتی ملتی رہتی ہے۔ اگر انہیں منظور ہوتا ہے ورنہ تو درمیان میں مزید کوئی شرائط لاگو ہوسکتی ہیں۔ جبکہ مقروض ملک کو نا صرف پوری سو فیصد رقم ادا کرنا ہوتی ہے، ساتھ ہی ساتھ اس کا سود در سود بھی ادا کرنا ہوتا ہے اور یوں کوئی بھی مقروض ملک ان کے شکنجے میں ایسا جکڑتا ہے کہ بے بس قید پرندے کی مانند لیکن کسی اسلامی ملک اور خصوصاً پاکستان کے ساتھ ان عالمی اداروں کا خصوصی معاملہ ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کریلا بھی ہے اور نیم چڑھا بھی… کیونکہ پاکستان اوّل تو مسلمان ملک ہے اور ساتھ ہی اس نے اپنے طور اپنی قوت اور ارادے کو بروئے کار لاتے ہوئے جوہری قوت بھی حاصل کرلی ہے جو تمام غیر مسلم دنیا کی آنکھوں میں نا صرف کھٹک رہی ہے بلکہ ان کے حلق میں ہڈی بن کر اٹک بھی گئی ہے کیونکہ انہیں شدید خطرہ پاکستان اور پاکستانی قوم سے لاحق رہتا ہے کہ کہیں یہ کسی اور معاملے میں اپنے قدموں پر کھڑا نہ ہو جائے اور کہیں عالمی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کا اہل نہ ہو جائے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور اس کے تمام حواری اسی کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ پاکستان کسی بھی طرح ان کے چُنگل سے نہ نکل پائے۔
اگر آج ایک فیصلہ کرلیں کہ ہم اپنے رب سے رجوع کریں گے، صرف اسی کے آگے ہاتھ پھیلائیں گے تو یہ تمام سازشیں عناصر اپنی موت آپ مر جائیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم پر بڑا احسان اور فضل کیا ہوا ہے کہ اہلِ وطن کو ایسی سر زمین عطا فرمائی ہے جو ہر قسم کی نعمتوں سے مالا مال ہے ۔ یہ ہماری نا اہلی ہے کہ ہم اللہ کی ان نعمتوں کو ٹھکرا رہے ہیں۔ اگر ہم آج فیصلہ کرلیں کہ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے تو دنیا کی کون سی طاقت ہوگی جو ہمارا راستہ روک سکے گی؟اس کے علاوہ اللہ نے ہمیں پانی اور زرخیز زمین جو سونا اگلتی ہے، عطا فرمائی ہے۔ ہمارے چار سُو اللہ تعالیٰ کی نعمتیں ہی نعمتیں ہیں، اگر ہم ان ملنے والی نعمتوں سے خود فائدہ اٹھانا چاہیں تو کون ہےجو ہمیں روک پائے لیکن افسوس صد افسوس ہم نے تو خود کو یہودی تاجروں کے یہاں گروی رکھوا دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • اگر ہم چاہیں تو!
  • ایک ہی خاندان کے 3 بچے ڈوب کر جاں بحق
  • بھارت اور پاکستان زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اقوام متحدہ
  • سپر اسٹورز اور سپر  مارکیٹوں میں برانڈڈ اشیا کی قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ
  • قومی ایئر لائن کے51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ
  • واٹس ایپ کا نیاحیران کن فیچر آپ کے میسجز کو زیادہ پرائیویٹ بنا دے گا، استعمال کا طریقہ جانیں
  • نیٹ ورک مسائل سے کاروبار کے تسلسل اور صارفین کے اعتماد کو خطرہ: کاسپرسکی
  • سالانہ 200 انڈے دینے والی مرغیوں کی نئی نسل تیار
  • پی آئی اے کے 51 سے 100فیصد شیئرز فروخت کرنےکا فیصلہ، درخواستیں طلب
  • قومی ایئر لائن کا 100فیصد شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ