کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں سردی کی لہر آنے کا امکان نہیں: ماہرِ موسمیات
اشاعت کی تاریخ: 4th, March 2025 GMT
—فائل فوٹو
ماہرِ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے موسمِ سرما ختم ہو چکا ہے، اب کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سردی کی لہر آنے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں برف باری کے باعث سرد ہوائیں ملک پر اثرانداز ہو سکتی ہیں، ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 3 سے 4 روز کے دوران سردی کی لہر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
ماہرِ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 2 سے 3 روز کے لیے درجۂ حرارت میں کمی کا امکان ہے، شہرِ قائد میں آج رات سے 5 مارچ کے دوران رات کو درجۂ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی آ سکتی ہے۔
کراچی شہر میں آج دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کراچی شہر کے اکثر علاقوں میں رات میں درجۂ حرارت 13 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی کے مضافات میں درجۂ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ماہرِ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت کی صورتِ حال کچھ اس طرح ہو سکتی ہے، سرجانی ٹاون، اسکیم 33، اسٹیل ٹاون میں درجۂ حرارت 10 سے 13، فیڈرل بی ایریا، اورنگی ٹاؤن، گلشنِ اقبال میں درجۂ حرارت 12 سے 15 اور کراچی کے ساحلی علاقوں میں درجۂ حرارت 17 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج رات سے 5 مارچ تک دن کے درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ چند روز میں موسم میں تبدیلی کے حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار نے مزید بتایا ہے کہ 6 مارچ کے بعد سے ایک بار پھر دن اور رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ دیکھا جائے گا، جس میں دن میں درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جبکہ رات کو درجۂ حرارت 22 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
وسطی سندھ کے حوالے سےماہرِ موسمیات نے کہا ہے کہ وسطی سندھ میں درجۂ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ساحلی علاقوں میں کے ساحلی علاقوں نے بتایا ہے کہ موسمیات نے کہ کراچی
پڑھیں:
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا
ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ ارم فیصل بنت فیصل احمد رول نمبر 2045 نے ٹوٹل 1200 نمبرز میں سے 1054 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسلام ٹائمز۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے ہوم اکنامکس اور خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ ارم فیصل بنت فیصل احمد رول نمبر 2045 نے ٹوٹل 1200 نمبرز میں سے 1054 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، ایمان ہاشمی بنت شجاعت علی رول نمبر 2044 نے 988 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن، جبکہ شانزہ نایاب بنت محمد عامر رول نمبر 2135 نے 980 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خصوصی امیدواروں کے امتحانات میں دیوا ہائیر سیکنڈری اسکول کی طالبہ سیدہ فاریہ بنت سید احسن رشید رول نمبر 995539 نے ٹوٹل 1100 میں سے 960 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، دیوا ہائیر سیکنڈری اسکول کی ہی طالبہ بریرا اسلام بنت شوکت اسلام رانا رول نمبر 995533 نے 925 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن، جبکہ IDA-RIEU اسکول اینڈ کالج فار دی ڈیف کی طالبہ ایمان الشمس بنت شمس الحق رول نمبر 995502 نے 920 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں 198 طالبات نے رجسٹریشن حاصل کی، 189 طالبات امتحانات میں شریک ہوئیں، جس میں سے 112 طالبات کامیاب ہوئیں، اس طرح کامیابی کا تناسب 59.26 فیصد رہا۔
ان امتحانات میں 9 طالبات اے ون گریڈ، 24اے گریڈ، 30 بی گریڈ، 31سی گریڈ اور 18 ڈی گریڈ میں کامیاب قرار پائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر گروپ) کے امتحانات میں 116 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 114 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جس میں سے 103 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 90.35 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 19 امیدوار اے ون گریڈ، 55اے گریڈ، 27 بی گریڈ اور 2 امیدوار سی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپلوڈ کر دیئے گئے ہیں۔