ہیکرز میل ویئر وائرس کی مدد سے کرپٹو کرنسی والٹ سے ڈیٹا چرانے کیلئے سرگرم
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
ہیکرز میل ویئر وائرس کی مدد سے کرپٹو کرنسی والٹ ڈیٹا چرانے کے لیے سرگرم ہوگئے، کابینہ ڈویژن کے تحت پاکستان سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہےکہ لیوما اسٹیلر نامی وائرس لاگ ان، براوزر انفارمیشن اور کرپٹوکرنسی والٹ کا ڈیٹا چرا سکتا ہے، وائرس سے چوری شدہ معلومات اور ڈیٹا کو ہیکنگ فورمز پر فروخت کیا جاسکتا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایف فائلز میں جعلی بوٹ ڈیٹیکشن سسٹم کی تصاویر کا استعمال کرکے وائرس پھیلایا جاتا ہے، بوٹ ڈیٹیکشن سسٹم کے ذریعے وسیع پیمانے پر فشنگ مہم کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق حملہ آور سرچ انجن میں ردو بدل کرکے نقصان دہ پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کرنے پر مجبور کرتے ہیں، پی ڈی ایف فائلز میں دھوکا دہی پر مبنی بوٹ ڈیٹیکشن سسٹم کی تصاویر شامل ہوتی ہیں، تصاویر پر کلک کرنے سے صارفین فشنگ ویب سائٹس پر منتقل ہو جاتے ہیں، یہ ویب سائٹس مالی معلومات چوری یا سسٹمز کو مالویئر وائرس سے متاثر کرتی ہیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وائرس سے متاثرین کے انٹرنیٹ کا غلط استعمال بھی کیا جاسکتا ہے، فشنگ مہم ٹیکنالوجی، مالی خدمات اور مینوفیکچرنگ سیکٹرز کے صارفین کو متاثر کرچکی ہے۔
ایڈوائزری میں نقصان دہ پی ڈی ایف پہچاننےکی تربیت دینے، جعلی ویب سائٹس کی نگرانی اور دھوکا دہی پر مبنی ڈومینز کو رپورٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ایڈوائزری میں اداروں کو اہم ڈیٹا کا باقاعدہ بیک اپ اور ریکوری کے عمل کی تصدیق، حملوں کی روک تھام کے لیے تمام سسٹمز کواپ ڈیٹ، ملٹی فیکٹر تصدیق کا نظام اپنانے اور سائبر سیکیورٹی دفاع کو مضبوط بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: ایڈوائزری میں پی ڈی ایف
پڑھیں:
کراچی؛ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار، 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد
کراچی:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نےکارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا، ملزم بلال سلیم کی گرفتاری کلفٹن سےعمل میں آئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسیچنج میں ملوث ہے، ملزم کے قبضے سے 55 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے اور گرفتار ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج سے متعلق شواہد برآمد کر لیے گئے، ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔
ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔