کورنگی میں زیر زمین گیس کے اخراج سے لگی آگ پر قابو پانے کیلیے مختلف تجاویز پر غور
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
کراچی:
کورنگی علاقے میں زیر زمین گیس کے اخراج سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر بڑھکنے والی آگ بدستور لگی ہوئی ہے اور اب تک کی کوششوں کے باوجود شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق آگ کے مقام پر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں موجود ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں تیل، گیس اور پیٹرول کے فائر ایکسپرٹس نے بھی اس جگہ کا دورہ کیا ہے تاکہ آگ پر قابو پانے کے لیے ضروری تدابیر تجویز کی جا سکیں۔
کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او نے ملٹری لینڈز کنٹونمنٹ کراچی ریجن کے سینیئر ٹیکنیکل اسٹاف سے بریفنگ بھی لی ہے۔
بورڈ کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر تعینات ہیں اور ملٹری لینڈز کنٹونمنٹ کراچی ریجن کے تمام اسٹاف بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ، فائر ٹینڈر بھی موقع پر موجود ہیں تاکہ آگ کو جلد از جلد بجھایا جا سکے۔
حکام کے مطابق آگ کے متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے نقصان کا سامنا نہ ہو۔
دوری جانب، سوئی گیس حکام اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی ٹیمیں بھی سروے کر رہی ہیں تاکہ مسئلے کا فوری حل نکالا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات، 5 افراد زخمی
کراچی:شہر قائد ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات کی لپیٹ میں آگیا، جہاں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو نوعمر لڑکے بھی شامل ہیں۔
بلدیہ رئیس گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ صادق زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، تاہم موچکو پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ ذاتی جھگڑے کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب گلشن اقبال بلاک 9 عزیز بھٹی پارک کے قریب فائرنگ سے 65 سالہ شیر غنی زخمی ہوگیا، جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عزیز بھٹی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نیو کراچی صنعتی ایریا میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں سراج الاسلام مسجد کے قریب فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا حمزہ زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ حمزہ فائرنگ کی زد میں آگیا اور گولی اس کی ٹانگ پر لگی۔ زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی علاقے میں ایک اور واقعے میں ساڑھے چھ نمبر چراغ الاسلام مسجد کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار کاشف اور راہگیر 15 سالہ حمزہ زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او رضوان قریشی کے مطابق ڈاکو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔