سعودی عرب کیساتھ تعلقات کا جدید دور شروع ہو چکا ہے، ایرانی سفیر
اشاعت کی تاریخ: 21st, April 2025 GMT
میڈیا سے اپنی ایک گفتگو میں علی رضا عنایتی کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر دفاع "خالد بن سلمان" کا دورہ تہران، دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔ اسلام ٹائمز۔ عرب میڈیا الحدث سے گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر "علی رضا عنایتی" نے کہا کہ سعودی وزیر دفاع "خالد بن سلمان" کا دورہ تہران، دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک سنگ میل ہے۔ اس دورے کے بعد تہران اور ریاض کے مابین تعلقات کے جدید دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو سالوں میں سعودی عرب کے ساتھ ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی وزیر دفاع "خالد بن سلمان" نے گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز ایران کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ، قومی سلامتی کے ڈائریکٹر اور صدر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ سعودی وزیر دفاع نے رہبر معظم انقلاب سے بھی ملاقات کی اور انہیں سعودی بادشاہ کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر رہبر معظم انقلاب نے خالد بن سلمان سے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایران و سعودی عرب کے درمیان تعلقات، دونوں ممالک کے لئے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مکمل کر سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان دونوں ممالک
پڑھیں:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات
---فائل فوٹووفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہیں، پاک امریکا دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈی جی اے این ایف، ڈائریکٹر انفورسمنٹ، امریکی سفارتخانے کے نمائندے اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے دوران انسدادِ منشیات و سیکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال، غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے اور منشیات کی روک تھام اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اے این ایف کی کارکردگی اور ملک بھر میں جاری آپریشنز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سالانہ کاؤنٹر نارکوٹکس مہم کے تحت 134 ٹن منشیات اور 75 غیر ملکی سمیت 2001 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ضبط کی گئی منشیات کی مالیت 12.797 بلین ڈالر ہے۔
بریفنگ کے مطابق بلوچستان، کے پی اور سندھ میں 110 افغان شہریوں کو گرفتار کر کے 40 ہزار 659 ایکڑ رقبہ کلیئر کیا گیا اور پاپی فری اسٹیٹس کو برقرار رکھا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا۔
امریکی سفیر نے انسدادِ منشیات اور غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کےلیے ہر ممکن ٹیکنیکل معاونت کی پیشکش کی۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے ہماری واضح پالیسی ہے۔ ایئرپورٹس پر ہر ممکن حد تک منشیات کیسز کی نشاندہی اولین ترجیح ہے، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکیننگ مشینیں نصب کی جا رہی ہیں، انسدادِ منشیات کےلیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ آج بھی افغانستان سے منشیات درجنوں ملکوں میں پہنچ رہی ہیں اورنوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے، انسدادِ منشیات کے لیے امریکا کی ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کریں گے، وزیرِ اعظم کی ہدایت پر نیشنل نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر جلد قائم کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتے ہیں، ہر شعبے میں تعاون جاری رکھیں گے۔