بھارت پاکستان فوبیا سے باہر آئے اور عالمی خارجہ پالیسی کا احترام کرنا سیکھے، سعدیہ دانش
اشاعت کی تاریخ: 26th, April 2025 GMT
ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک بیان میں کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں مودی سرکار کے اشتعال انگیز ردعمل کی بھی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر کے بھارت نے ایک بار پھر عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب دینا جانتا ہے۔ انہوں نے جاری بیان میں پہلگام واقعے اور بھارتی ردعمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان فوبیا سے باہر آئے اور عالمی خارجہ پالیسی کا احترام کرنا سیکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہتے لوگوں کے قتل پر پڑوسی ملک پر الزام لگانے کے بجائے معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیے تھی، پاکستان ایک ذمے دار اور مضبوط ملک ہے۔جھوٹے الزامات اور اپنی اینٹلیجنس کی ناکامی چھپانے کے لئے بھارت پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے، بھارت جھوٹے پروپیگنڈوں سے باز رہے، پاکستان کی عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج بھارت کو مُنہ توڑ جواب دے گی۔ سعدیہ دانش نے مزید کہا پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور بین الاقوامی سطح پر شفاف تحقیقات کی جائیں، پاکستان دہشت گردی کی ہمیشہ بھرپور اور سخت ترین مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں مودی سرکار کے اشتعال انگیز ردعمل کی بھی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر کے بھارت نے ایک بار پھر عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پہلگام واقعے انہوں نے
پڑھیں:
وزیر اعظم نے چترال میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا، یونیورسٹی بھی قائم کرنے کا اعلان
شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ چترال میں دانش سکول کا اگلے سال باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ مقامی لوگوں کے مطالبے پر انہوں نے چترال میں گیس پلانٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز چترال میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سکول ڈیجیٹل لائبریریز، سمارٹ بورڈز اور کھیل کے میدان جیسی جدید سہولتوں سے آراستہ ہو گا جو علاقے کے مستحق طلباء کو مفت رہائش اور تعلیم کی سہولت فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چترال میں دانش سکول غریب گھرانوں کے بچوں کیلئے معیاری تعلیم کے حصول کے حوالے سے ایچی سن کالج لاہور کے برابر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے اس سکول کے قیام کی درخواست نہیں کی تھی بلکہ یہ ان کی ذاتی خواہش تھی کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دور دراز علاقوں کو ایسی تعلیمی سہولتیں مہیا کی جائیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے چترال کے عوام کیلئے تحفہ قرار دیا۔ شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ چترال میں دانش سکول کا اگلے سال باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ مقامی لوگوں کے مطالبے پر انہوں نے چترال میں گیس پلانٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بالائی چترال میں بجلی کے ٹیرف کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔عوامی مطالبے کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بالائی چترال میں ایک یونیورسٹی بھی قائم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔