سندھ حکومت کے 454 ارب روپے کے تعلیمی بجٹ کے باوجود عوام کو معیاری تعلیم میسر نہیں، منعم ظفر
اشاعت کی تاریخ: 12th, May 2025 GMT
تقریب سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ یہ چھوٹی سی کاوش دراصل بارش کا ایک قطرہ ہے، ”پڑھو پڑھاؤ“ کے عنوان سے لوگوں کو مفت کتابیں دی جارہی ہیں، جو لوگ اس تحریک میں ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں، ہمیں اپنے دین پر فخر کرنا، اساتذہ کا حترام اور اپنے وطن سے محبت کرنا چاہیئے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ معیاری اور مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن سندھ حکومت کا 454 ارب روپے کا تعلیمی بجٹ ہونے کے باوجود عوام کو سرکاری سطح پر معیاری تعلیم میسر نہیں اور لوگ بھاری فیسیں دے کر نجی تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کو پڑھانے پر مجبور ہیں، حکومتی نا اہلی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں جماعت اسلامی کی ”پڑھو پڑھاؤ مہم“ غریب اور متوسط گھرانوں کے بچوں کے لیے ایک بہترین سہولت ہے، یہ مہم ایک تحریک کی صورت میں اب پورے شہر میں پھیل رہی ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے اور سندھ طاس معاہدے کو بھی بحال کرایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ گلزار ہجری کے تحت صابری شہید پارک گلشن اقبال میں پندرہ روزہ ”پڑھو پڑھاؤ“ مہم کے آخری روز اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں والدین کا اپنے بچوں کو پڑھانا مشکل ہوگیا ہے، جو بچے اپنے تعلیمی سال مکمل کرلیتے ہیں وہ نصابی کتابیں یہاں جمع کراتے ہیں اس طرح غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو نصابی کتابیں یہاں مفت مل جاتی ہیں اور اس کے ذریعے وہ اپنا تعلیمی سفر آسانی سے آگے بڑھا پاتے ہیں، جماعت اسلامی کی یہ چھوٹی سی کاوش دراصل بارش کا ایک قطرہ ہے، ”پڑھو پڑھاؤ“ کے عنوان سے لوگوں کو مفت کتابیں دی جارہی ہیں، جو لوگ اس تحریک میں ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں، ہمیں اپنے دین پر فخر کرنا، اساتذہ کا حترام اور اپنے وطن سے محبت کرنا چاہیئے، اسی میں ہماری کامیابی ہے، وطن کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
حکومت مساجد و مدارس کی رجسٹریشن کے پروسس کو آسان بنائے، شاہ عبدالحق قادری
صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف سید ریاض شاہ شیرازی نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ دینی اداروں، مساجد، مدارس اور مزارات کے مسائل کے حل کو اہمیت دیتی ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے حل کیلئے کام کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلِ سنت پاکستان کراچی کے وفد نے حضرت علامہ سید شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سندھ کے صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف سید ریاض شاہ شیرازی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دینی امور، مساجد، مدارس، محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مزاراتِ اولیائے کرام کی دیکھ بھال زائرین کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں سید رفیق شاہ، مفتی بلال قادری، مولانا جمیل احمد امینی، عبداللہ میمن اور شفیع رانا قادری بھی شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر کو کراچی سمیت سندھ بھر میں مساجد، مدارس اور مزارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔
شاہ عبد الحق قادری نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی ادارے مساجد، مدارس کی رجسٹریشن کے پروسس کو آسان کریں۔ انہوں نے محکمہ اوقاف کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے، انتظامی مسائل کے حل اور مسلسل رابطہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف سید ریاض شاہ شیرازی نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ دینی اداروں، مساجد، مدارس اور مزارات کے مسائل کے حل کو اہمیت دیتی ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ترجیحی بنیادوں پر مسائل کے حل کیلئے کام کیا جائے گا۔