نیتن یاہو کا صدر ماکروں پر حماس کا ساتھ دینے کا الزام
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 14 مئی 2025ء) اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں پر 'ایک قاتل، اسلام پسند، دہشت گرد تنظیم‘ حماس کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ رد عمل صدر ماکروں کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا، جس میں فرانسیسی صدر نے غزہ پٹی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ترسیل روکنے پر اسرائیل کے طرز عمل کو 'قابل مذمت‘ اور 'شرمناک‘ قرار دیا تھا۔
ایک فرانسیسی ٹیلی وژن چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ایمانوئل ماکروں منگل 13 مئی کے روز کہا، ''بینجمن نیتن یاہو کی حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ ناقابل قبول ہے .
(جاری ہے)
یہ سب شرمناک ہے۔‘‘
فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے خود رواں برس کے آغاز میں مصر اور غزہ کی سرحد کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے دیکھا کہ ''فرانس اور دیگر ممالک کی جانب سے بھیجی گئی ساری امداد اسرائیلی رکاوٹوں کی وجہ سے رکی ہوئی ہے۔
‘‘ انہوں نے کہا، ''یہ ایک ناقابل قبول انسانی المیہ ہے۔‘‘ ماکروں کا کہنا تھا، ''سات اکتوبر کے بعد سے ہم جس انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، وہ اپنی نوعیت کا سب سے سنگین بحران ہے۔‘‘اس کے جواب میں آج چودہ مئی بروز بدھ نیتن یاہو کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''صدر ماکروں ایک بار پھر ایک قاتل، اسلام پسند، دہشت گرد تنظیم کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور انہوں نے اسرائیل پر خون آشامی کے جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے اس کی مکروہ پراپیگنڈا مہم کو دوہرایا ہے ۔
‘‘ریاستی موقف دوہراتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کے جنگی مقاصد بدستور وہی ہیں: یرغمالیوں کی رہائی، حماس کی شکست، اور اس بات کو یقینی بنانا کہ غزہ پٹی سے اسرائیل کو کوئی خطرہ نہ ہو۔
یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023ء کو فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل میں ایک دہشت گردانہ حملے میں 1,218 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔
اس حملے میں 251 افراد کو یرغمال بھی بنایا گیا تھا، جن میں سے 57 اب بھی غزہ میں ہیں، اور ان میں سے 34 کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں اب تک کم از کم 52,908 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔
شکور رحیم اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
ادارت: مقبول ملک، مریم احمد
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے نیتن یاہو انہوں نے
پڑھیں:
پنجاب حکومت کے اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے‘بارشوں نے تباہی مچادی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جولائی ۔2026 ) پنجاب حکومت کے اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے‘حکومتی دعوﺅں کے برعکس حالیہ بارشوں میں پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے‘کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے‘ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ 38 مکانات متاثر ہوئے.(جاری ہے)
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے. ادھرمحکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کر تے ہوئے نشیبی علاقے زیر آب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیئے ہیں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پورے ملک میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے. صوبائی دارلحکومت لاہور میں آج ہونے والی بارش سے واپڈا ٹاﺅن‘ جوہر ٹاﺅن‘ گلبرگ اور ڈیفنس ‘ او پی ایف سوسائٹی‘ ایل ڈی اے ایونیو‘ فیصل ٹاﺅن‘ماڈل ٹاﺅن‘علامہ اقبال ٹاﺅن‘مسلم ٹاﺅن‘گارڈن ٹاﺅن‘سبزہ زار‘ملتان روڈسمیت شہر بھر میں تیزبارش سے شہر کی مرکزی شاہرائیں ندیوں کا منظرپیش کرتی رہیں جبکہ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی گھر میں داخل ہوگیا. شمالی لاہوراور اندرون شہر میں بھی بارش کی پانی کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثرہوئے . محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بھی مزید بارش کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت درجہ حرات 28ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث موسم مرطوب مگر خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے.