عنوان: پاکستان میں اقلیتی برادریوں کا کردار اور درپیش چیلنجز
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
عنوان: پاکستان میں اقلیتی برادریوں کا کردار اور درپیش چیلنجز WhatsAppFacebookTwitter 0 20 May, 2025 سب نیوز
تحریر: افق چوہان
پاکستان ایک کثیرالثقافتی اور متنوع معاشرہ ہے جہاں مختلف مذاہب، قومیتوں اور ثقافتوں کے لوگ بستے ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت ہی قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کو برابر کے شہری حقوق دینے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ پاکستان کا آئین بھی اقلیتوں کو مذہبی آزادی، مساوی مواقع، اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ تاہم، عملی میدان میں اقلیتی برادریوں کو مختلف سماجی، معاشی اور مذہبی چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔
پاکستان میں ہندو، مسیحی، سکھ، پارسی، احمدی، بہائی اور دیگر اقلیتی برادریاں آباد ہیں۔ ان برادریوں نے ملک کی تعمیروترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی ثقافت اور تاریخ نے پاکستانی معاشرے کو رنگا رنگ اور متنوع بنایا ہے۔
ہندو برادری پاکستان کی سب سے بڑی اقلیتی جماعت ہے۔ یہ برادری صدیوں سے اس خطے میں آباد ہے اور خاص طور پر سندھ میں ان کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ہندو برادری نے تعلیم، تجارت، زراعت اور سرکاری شعبوں میں اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔ تاہم، اس برادری کو اکثر مذہبی امتیاز، سماجی تفریق، جبری مذہبی تبدیلی، اور مذہبی آزادی میں رکاوٹوں جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ ہندو خواتین خاص طور پر دوہرے دباؤ کا شکار ہوتی ہیں۔
مسیحی برادری پاکستان کی دوسری بڑی اقلیتی برادری ہے، جو قیام پاکستان سے پہلے سے یہاں موجود ہے۔ پاکستان کے قیام میں مسیحیوں نے اہم سیاسی کردار ادا کیا، جس کی مثال پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ کے حق میں ووٹ دینا ہے۔ آج بھی مسیحی برادری تعلیم، صحت اور دفاع کے شعبوں میں قابل ذکر خدمات انجام دے رہی ہے۔ تاہم، عبادات کی آزادی، مذہبی شناخت اور سماجی تفریق جیسے مسائل اس برادری کے لیے بھی باعث تشویش ہیں۔
سکھ برادری اگرچہ تعداد میں کم ہے، مگر تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ سکھوں کے مذہبی مقامات، جیسے ننکانہ صاحب اور کرتارپور، پاکستان میں واقع ہیں۔ سکھ برادری کو اپنی عبادات اور رسومات کی ادائیگی میں کچھ مشکلات کا سامنا رہتا ہے، لیکن وہ اپنی مذہبی آزادی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
پارسی برادری نے پاکستان کی معاشی و صنعتی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ یہ برادری تعلیمی، تجارتی اور سماجی میدانوں میں نمایاں رہی ہے۔ مگر ان کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے ان کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے خدشات جنم لیتے ہیں۔
احمدی اور بہائی برادریوں کو بھی مذہبی آزادی اور سماجی قبولیت کے حوالے سے مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔ احمدی برادری کو آئینی طور پر غیر مسلم قرار دیے جانے کے بعد ان کو عبادات اور مذہبی شناخت کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بہائی برادری بھی ایک پرامن برادری ہے جو اپنی مذہبی آزادی کے لیے کوشاں ہے۔
اگرچہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ فراہم کرتا ہے، لیکن زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں۔ عبادت گاہوں پر حملے، سماجی امتیاز، نفرت انگیز تقاریر اور حقوق کی خلاف ورزیاں اقلیتی برادریوں کے لیے ایک مستقل چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھی ان مسائل پر آواز اٹھائی جاتی رہی ہے۔
اقلیتی برادریوں کی خدمات، ثقافت اور تاریخی کردار پاکستان کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی اہمیت کو تسلیم کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا نہ صرف ایک آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، بلکہ پاکستان کی ترقی، ہم آہنگی اور استحکام کے لیے بھی ضروری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم مذہبی رواداری، برداشت، اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور اقلیتوں کو مکمل شہری حقوق فراہم کرنے کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی اپنائیں، تاکہ پاکستان ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبردھوکہ دہی کی بازگشت: یو ایس ایس لبرٹی 1967 سے پہلگام 2025 تک دھوکہ دہی کی بازگشت: یو ایس ایس لبرٹی 1967 سے پہلگام 2025 تک ڈوبتی انسانیت: مودی حکومت کے ظلم و بربریت کا ایک اور داستان قصابوں کا اتحاد ہاتھی والے یہ خون تھا جو لفظوں سے بلند آواز میں بولا امن کیوں ضروری ہےCopyright © 2025, All Rights Reserved
رابطہ کریں ہمارے بارے ہماری ٹیم.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: اقلیتی برادریوں پاکستان میں
پڑھیں:
پاکستان کا موقف اور خطے میں امن کا تقاضا
پاکستان کی جغرافیائی حیثیت محض ایک زمینی ریاست کی نہیں بلکہ ایک ایسے ملک کی ہے جس کے مفادات خشکی، سمندر اور خطے کی مجموعی سلامتی سے یکساں طور پر وابستہ ہیں۔ اسی لیے جب مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے شعلے بلند ہوتے ہیں تو ان کی تپش صرف جنگ میں شریک ممالک تک محدود نہیں رہتی بلکہ عالمی تجارت، توانائی کی رسد، بحری راستوں، علاقائی معیشتوں اور سفارتی توازن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔
آج بحیرہ احمر، باب المندب اور آبنائے ہرمز صرف آبی گزرگاہیں نہیں رہیں بلکہ عالمی طاقتوں کی کشمکش، علاقائی رقابتوں اور غیر ریاستی مسلح گروہوں کی حکمت عملی کا مرکز بن چکی ہیں۔ ایسے ماحول میں پاکستان کی جانب سے اپنے بحری مفادات اور سعودی عرب کی سلامتی کے بارے میں دوٹوک اور واضح موقف اختیار کرنا نہ صرف ایک ذمے دار ریاست کی علامت ہے بلکہ یہ اس حقیقت کا اظہار بھی ہے کہ قومی سلامتی کی تعریف اب سرحدوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ سمندری راستے، تجارتی جہاز، بندرگاہیں اور توانائی کی سپلائی لائنیں بھی اسی قدر اہم قومی مفادات کا حصہ بن چکی ہیں۔
پاکستان نے جس واضح انداز میں یہ اعلان کیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں، بحری تنصیبات یا سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی جارحیت کو قومی سلامتی کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، وہ دراصل بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی توثیق بھی ہے اور قومی خودمختاری کے تحفظ کا منطقی اظہار بھی۔ دنیا کی کوئی بھی ذمے دار ریاست اپنی تجارت، بحری نقل و حمل اور اقتصادی شہ رگوں کو خطرات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔
پاکستان کی بڑی بندرگاہیں، برآمدات، درآمدات اور توانائی کی ضروریات عالمی بحری راستوں سے وابستہ ہیں، اس لیے ان راستوں میں پیدا ہونے والی بے یقینی براہِ راست قومی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا کہ قومی بحری مفادات کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، دراصل ایک فطری ریاستی ذمے داری ہے، نہ کہ محض سفارتی بیان۔
بحیرہ احمر میں حوثی حملوں اور تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں نے عالمی تجارت کو غیر معمولی اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ ماضی میں قزاقی کو سمندری تجارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھا جاتا تھا، مگر اب منظم مسلح گروہ جدید میزائلوں، ڈرونز اور بحری حملوں کی صلاحیت کے ذریعے پوری عالمی سپلائی چین کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس صورتحال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ غیر ریاستی عناصر بھی ایسے وسائل حاصل کر چکے ہیں جن کے ذریعے وہ عالمی معیشت پر ریاستوں سے کم اثر نہیں ڈال سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد آئل ٹینکروں نے اپنے راستے تبدیل کیے اور یورپی بحری اداروں نے بھی تجارتی جہازوں کو احتیاطی ہدایات جاری کیں، جو اس بحران کی سنگینی کا واضح ثبوت ہے۔
حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب سے وابستہ تجارتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں صرف ایک ملک کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ بین الاقوامی تجارت کی آزادی پر حملہ ہیں۔ سمندری راستوں کی آزادی بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، جس پر عالمی تجارت کا پورا نظام قائم ہے، اگر کسی گروہ کو یہ حق دے دیا جائے کہ وہ سیاسی یا عسکری مقاصد کے لیے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت روک دے تو پھر عالمی تجارت مسلسل خوف اور غیر یقینی کا شکار ہو جائے گی۔ پاکستان کی تشویش اسی تناظر میں نہایت برمحل ہے کیونکہ اس کی تجارت کا بڑا حصہ بھی انھی عالمی بحری راستوں سے وابستہ ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر کے نہ صرف دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مضبوط کیا ہے بلکہ ایک اصولی موقف بھی اختیار کیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، مذہبی وابستگی، اقتصادی تعاون اور دفاعی اشتراک پر استوار ہیں۔ اس لیے اگر کسی بحران کے ذریعے سعودی عرب کو براہِ راست جنگ میں گھسیٹنے یا اس کے تجارتی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے تو پاکستان کا اس پر تشویش ظاہر کرنا ایک ذمے دار دوست اور شراکت دار ریاست کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس وقت اصل تشویش صرف بحیرہ احمر تک محدود نہیں رہی بلکہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی نے پورے خطے کو ایک نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل سخت بیانات، ایک دوسرے کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں اور فوجی کارروائیوں کا دائرہ وسیع ہونے کے امکانات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جنگ اب محدود رہنے کے بجائے تدریجاً علاقائی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ جب عسکری کارروائیوں کا ہدف پل، بجلی گھر، توانائی کے مراکز اور دیگر شہری تنصیبات بن جائیں تو اس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں پر مرتب ہوتے ہیں۔
اس تمام منظرنامے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی قانون اور سمندری ضابطوں کا احترام مسلسل کمزور پڑ رہا ہے، اگر بحری گزرگاہوں کو سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کیا جانے لگا تو مستقبل میں دنیا کے دیگر حساس سمندری راستے بھی اسی نوعیت کے تنازعات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ آزادی جہاز رانی، تجارتی تحفظ اور شہری بنیادی ڈھانچے کے احترام کو ہر حال میں یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
پاکستان کے لیے موجودہ حالات ایک واضح پیغام رکھتے ہیں کہ بحری سلامتی کو قومی سلامتی کی حکمت عملی کا مزید مضبوط حصہ بنایا جائے۔ بحری افواج کی استعداد، ساحلی نگرانی، بندرگاہوں کی حفاظت، تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی اور بین الاقوامی بحری تعاون کو مزید موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ گوادر اور کراچی جیسے اہم بندرگاہی مراکز صرف قومی معیشت کے ستون نہیں بلکہ علاقائی تجارت کے اہم مراکز بھی ہیں، جن کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔
اس بحران میں پاکستان کے لیے سفارتی توازن بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں تو دوسری جانب ایران ایک ہمسایہ اور اہم علاقائی ملک ہے۔ اس لیے پاکستان کا کردار اشتعال انگیزی میں اضافہ کرنے کے بجائے کشیدگی کم کرنے، رابطے بڑھانے اور مذاکرات کی حمایت کرنے کا ہونا چاہیے۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی روایات، قومی مفادات اور علاقائی امن کے تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہے۔
عالمی طاقتوں کو بھی یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ طاقت کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیاں عارضی ہوتی ہیں، جب کہ ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والا عدم استحکام کئی دہائیوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔ مشرق وسطیٰ پہلے ہی جنگوں، پابندیوں، پراکسی تنازعات اور بیرونی مداخلتوں کے باعث شدید نقصان اٹھا چکا ہے، اگر موجودہ کشیدگی کو بروقت نہ روکا گیا تو اس کے اثرات صرف جنگ میں شامل ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری عالمی معیشت، توانائی کے نظام اور بین الاقوامی امن کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔
پاکستان کا حالیہ موقف اسی لیے اہم ہے کہ اس میں اپنے قومی اور بحری مفادات کے تحفظ کا واضح اعلان بھی موجود ہے، سعودی عرب کی سلامتی کے ساتھ اصولی یکجہتی بھی اور بالواسطہ یہ پیغام بھی کہ سمندری راستوں کو جنگی حکمت ِ عملی کا ہدف بنانا کسی کے مفاد میں نہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اشتعال انگیز بیانات، عسکری دھمکیوں اور جوابی کارروائیوں کے بجائے سنجیدہ سفارت کاری، علاقائی مکالمے اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کو ترجیح دی جائے، اگر بنیادی ڈھانچے، توانائی کے مراکز، بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کو جنگ کا مستقل ہدف بنا دیا گیا تو دنیا ایک ایسے بحران میں داخل ہو سکتی ہے جس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جائیں گے۔ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ ایسا بین الاقوامی نظم ہے جس میں تجارت محفوظ ہو، ریاستوں کی خودمختاری محترم رہے، شہری تنصیبات محفوظ ہوں اور اختلافات کا فیصلہ میدان جنگ کے بجائے مذاکرات کی میز پر ہو۔ یہی وہ راستہ ہے جو مشرق وسطیٰ کو مزید تباہی سے بچا سکتا ہے اور یہی وہ سوچ ہے جس کی آج پوری دنیا کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔