اسلام آباد میں عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور کوئی سرحد نہیں ہوتی، بھارت الزام تراشی کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کا حصہ بنے، بھارتی قیادت خطے کے امن کیلئے مذاکرات کی میز پر آئے، کشمیر جیسے تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ضروری ہے۔ اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون کرے۔ "دنیا کیلئے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ" کے عنوان پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کیخلاف پورے عزم کے ساتھ برسرپیکار ہے، ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے دہشت گردی کو شکست دینی ہے، ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشنز نے دہشت گردوں کی کمر توڑی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان ہرگز دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکے گا، سرنڈر کرنا پاکستان کی ڈکشنری میں شامل نہیں، ڈیجیٹل پروپیگنڈا عصر حاضر کا ایک اور پیچیدہ چیلنج ہے، 2 دہائیوں سے مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مؤثر کردار ادا کیا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 92 ہزار افراد کو سپردخاک کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ افغانستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، طالبان حکومت آنے کے بعد افغان سرزمین سے پاکستان پر ہونے والے حملوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ دنیا کے امن کیلئے لڑ رہا ہے، عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، نوجوانوں کو فائر وال کے بجائے تیز رفتار انٹرنیٹ دینے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور کوئی سرحد نہیں ہوتی، بھارت الزام تراشی کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کا حصہ بنے، بھارتی قیادت خطے کے امن کیلئے مذاکرات کی میز پر آئے، کشمیر جیسے تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت ضروری ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت ہمارے ساتھ بیٹھے، بات کرے اور مسئلہ کشمیر حل کرے، بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی روش ترک کرے، بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی صلاحیتوں سے سیکھے۔

.

ذریعہ: Islam Times

کلیدی لفظ: دہشت گردی کیخلاف جنگ خلاف جنگ میں پاکستان گردی کیخلاف جنگ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دہشت گردی کے پاکستان کی کہ پاکستان

پڑھیں:

دہشت گردی کی حالیہ لہر …نمٹنے کیلئے قومی وحدت ناگزیر ہے !!

ملک میںدہشت گردی کی ایک نئی لہر آئی ہے جس میں وانا میں کیڈٹ کالج اور اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس پر حملے شامل ہیں۔ وانا کیڈٹ کالج میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام بچوں کو تحفظ مقام پر منتقل اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا

۔دوسری طرف اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پر حملے میں 12 افراد شہید اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے بڑے اقدامات کر رہی ہیں۔

گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ضلع بنوں اور لکی مروت میں 7 خوارج کو ہلاک کیا جبکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی جاری ہیں۔ ان تمام واقعات کے پیش نظر ’’ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر اور تدارک کیلئے اقدامات‘‘ کے موضوع پر ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں ایک خصوصی مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی معاشی اور دفاعی تجزیہ نگاروں کو مدعو کیا گیا۔ فورم میں ہونے والی گفتگو نذر قارئین ہے۔

کرنل (ر) فرخ چیمہ

(دفاعی تجزیہ کار)

وطن عزیز میں گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا ناسور موجود ہے جسے کئی بار ختم کیا گیا لیکن یہ کہیں نہ کہیں سے پھوٹ پڑتا ہے۔ دہشگت گردی کی جڑیں کسی ایک جگہ نہیں ہوتیں لہٰذا سب سے پہلے ہمیں بین الاقوامی معاملات کا جائزہ لینا ہے۔اس خطے میں بڑی طاقتیں دلچسپی رکھتی ہیں۔

ان کی توجہ اس خطے خصوصاََ ایران، پاکستان اور افغانستان میں عدم استحکام پیدا کرکے یہاں کی معدنیات اور اپنے سٹرٹیجک اہداف حاصل کرنے پر ہے۔ اس کیلئے بین الاقوامی طاقتیںاپنا زور لگا رہی ہیں اور ان کے درمیان بھی رسہ کشی جاری ہے۔ دوسرا نکتہ یہ ہے کہ علاقائی طاقتیں کیا چاہتی ہیں۔ افغانستان اور بھار ت کا گٹھ جوڑ ہمیشہ سے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے اورعالمی فوائد حاصل کرنے کیلئے کام کرتا ہے۔ جونہی افغانستان اور ہمارے درمیان معاملات کشیدہ ہوئے تو بھارت نے اس کا فائدہ اٹھانا شروع کر دیا۔

حال ہی میں دہشت گردی کے دو بڑے واقعات ہوئے ہیں، ایک وانا میں کیڈٹ کالج پر اور دوسرا اسلام آباد میں کچہری پر حملہ ہوا۔ کیڈٹ کالج پر پہلے خودکش دھماکہ ہوا اور پھر حملہ کیا گیا، اللہ تعالیٰ کے فضل سے سارے حملہ آور جہنم واصل کیے گئے ، ہمارا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری طرف اسلام آباد کچہری پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں درجن کے قریب افراد شہید اور دو درجن سے زائد زخمی ہوئے۔

یہ کہنا کہ آج تک دہشت گردوں کو روکا کیوں نہیں گیا درست نہیں ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ جب خودکش بمبار خود کو تیار کرکے نکل پڑے تو وہ نقصان کرکے ہی جاتا ہے۔ اگر اسے ٹارگٹ پر پہنچنے سے پہلے اسے روکا جائے یا تیاری سے پہلے ہی پکڑ لیا جائے تو بچت ہوسکتی ہے۔ ایسا بھی ہوا ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے خودکش بمبار کو پہلے ہی گولی سے اڑا دیا۔ اب دہشت گردی کی حالیہ لہر میں دیکھنا یہ ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے کہ دہشت گردی سے خود کو محفوظ کر سکیں۔ہماری انٹیلی جنس ادارے اور فورسز بہترین کام کر رہی ہیں، ہمیں اپنی انٹیلی جنس کو مزید تیز کرنا ہے۔

ہمیں کسی بھی ممکنہ حملے سے پہلے ہی اس کو روکنا ہے۔ اس کیلئے عوام کی شمولیت اور تعاون بہت ضروری ہے۔ عوام اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، اسے مزید بہتر بنانا ہے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اگر ہم صرف لاہور کے سکولوں کا جائزہ لیں تو وہاں سکیورٹی کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔

کسی کو نہیں معلوم کہ اگر خدانخواستہ کوئی مشکل صورتحال پیدا ہوجاتی ہے تو کیا کرنا ہے، اس سے کیسے نمٹنا ہے، رپورٹ کیسے کرنا ہے، بچوں کو محفوظ راستہ کیسے دینا ہے؟ اس وقت ہمیں تیاری کی اشد ضرورت ہے، ہمیں لوگوں کو سمجھانا اور تیار کرنا ہے، پھر ہی یہ دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن سکیں گے۔ ہمیں ملک اور ملک سے باہر اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید بہتر کرنا ہے اور سفارتی سطح پر بھی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتا ہے، آئندہ بھی جیتے گا، انشاء اللہ!

ڈاکٹر قیس اسلم

(ماہر معاشیات)

جب سے جنرل ضیاء الحق نے سوویت یونین کے خلاف امریکا کے تعاون سے لڑائی کا آغاز کیا تب سے آج تک، ہمارے ہاں دہشت گردی ختم نہیں ہوئی۔ کئی برس تک خیبر پختونخوا میں روزانہ دہشت گردی کے واقعات ہوئے ، پھر بیرونی طاقتوں نے بلوچستان نیشنل آرمی کی فنڈنگ کی تو بلوچستان میں بھی دہشت گردی شروع ہوگئی۔

ہندوستان سے ہماری لڑائی پرانی ہے،ا س کے ساتھ کئی جنگیں بھی ہوچکی ہیں جن کی وجہ سے ہمارے ملک میں مسائل پیدا ہوئے اور سافٹ ٹارگٹس پر دہشت گردی ہوئی۔ ہماری بہادر افواج نے دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کی ہیں، بڑے آپریشنز بھی کیے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں متعدد بڑے آپریشنز ہوچکے ہیں۔ امریکا کی افغانستان میں جنگ کے برے اثرات بھی پاکستان پر پڑے ہیں۔ یہاں طالبان بنے ، وہ استعمال ہوئے اور ہمارے لیے مزید مسائل پیدا ہوگئے۔ آج بھی طالبان کی وجہ سے دہشت گردی ہو رہی ہے، تحریک طالبان پاکستان یہاں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

دہشت گردی کی ایک وجہ غربت بھی ہے۔ پاکستان میں غربت کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، بے روزگاری بھی ہے۔ دہشت گرد جو افغانستان میں بیٹھے ہیں، جنہیں بھارت و دیگر مالی تعاون فراہم کر رہے ہیں،وہ 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے میں بچے خرید لیتے ہیں اور ان سے اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں۔ عراق اور شام میں داعش بنی۔ اس کا خراسانی حصہ پاکستان اور افغانستان میں آیا ، تحریک طالبان پاکستان بھی یہاں موجود تھی۔

امریکا جب افغانستان سے گیا تو یہ سب افغانستان میں چلے گئے اور اب وہاں سے آپریٹ کرتے ہیں۔ طالبان حکومت ان سے فائدہ بھی اٹھاتی ہے۔ افغانستان میں بعض جگہ تو حکومتیں بھی مختلف گروہوں کی ہیں۔ رواں برس مئی میں ہم نے بھارت کو بدترین شکست دی، اس کے جہاز گرائے جس سے عالمی سطح پر اس کی سبکی ہوئی۔ اپنی خفت مٹانے کیلئے اس نے ان گروہوں کی مدد شروع کر دی ہے۔ جب ہم نے 3 ملین سے زائد افغان مہاجرین کو واپس بھیجنا شروع کیا تو ان کے مسائل پیدا ہوئے،ا فغانستان نے ان کا بدلہ بھی ہم سے لینا شروع کیا ہے۔

یہ سب دہشت گردی کی نئی لہر کے عوامل ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کی جنگ میں 80 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے بچے محفوظ نہیں ہیں۔ پہلے آرمی پبلک سکول پشاور پر حملہ ہوا تھا، اب کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا گیا۔ اس مرتبہ شکر ہے کہ ہمارا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے سب محفوظ رہے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ دہشت گرد ظالم لوگ ہیں۔ افغانستان میں ان لوگوں کا روزگار ہی قتل و غارت، اغواء برائے تاوان جیسی وارداتوں سے جڑا ہے۔

ہم ان کا قلع قمع تو کرتے رہے ہیں لیکن غربت کی وجہ سے دونوں اطراف کے لوگ استعمال ہوجاتے ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے یہاں بیرونی سرمایہ کاری نہیں آتی۔ چین بھی رکا ہوا ہے، بڑی کمپنیاں یہاں سے جا رہی ہیں۔ ہم نے اپنی معیشت کو ٹھیک نہیں کیا۔ یہاں گورننس کے مسائل بھی ہیں۔ عوام اور حکومت کے درمیان عدم اعتماد کا معاملہ بھی ہے۔ صوبوں اور وفاق کے درمیان لڑائی بھی موجود ہے۔ فاٹا کے عوام کو ان کا حق نہیں مل رہا۔ بلوچستان کی معدنیات کا فائدہ ان کے عوام نہیں وڈیروں کو مل رہا ہے۔ افغانستان کے ساتھ ہماری تجارت تھی،ا سے بند کرنے سے نقصان ہو رہا ہے۔ انار 1500 روپے ، ٹماٹر 500 روپے اور پیاز 250 روپے فی کلو تک مہنگا ہوگیا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری فصلیں تو سیلاب کی نذر ہوگئیں، یہ سبزیاں افغانستان سے آتی تھیں، تجارت بند ہونے سے یہاں قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ افغانستان اور ایران سے سمگلنگ تو ہو رہی ہے لیکن اصل تجارت کو نقصان ہوا ہے۔ اس وقت ہمیںخطے کے تمام ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کے ساتھ مذاکرات اس لیے ڈیڈلاک کا شکار ہوئے کیونکہ افغان حکومت دہشت گرد گروہوں پر قابو نہیں پاسکتی۔میرے نزدیک گفتگو صرف ان گروہوں سے ہو سکتی ہے جو ہتھیار پھینک دیں، دہشت گردوں سے بات چیت نہیں ہوسکتی۔ ہمیں افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملے کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا۔ ایسے بے شمار افراد ہیں جو یہاں کاروبار کر رہے ہیں، ان کی شادیاں یہاں ہوئی ہیں، بچے یہاں پیدا ہوئے، ان کے زندگی کے معاملات یہاں سے جڑے ہیں۔

انہیں فوری واپس نہ بھیجیں،ا س کا ہماری معیشت پر برا اثر پڑے گا۔ دہشت گردی اب اسلام آباد تک پہنچ چکی ہے ۔ یہ اس وقت پہنچی جب ملک میں 27 ویں آئینی ترمیم اور عالمی پارلیمانی کانفرنس ہو رہی تھی۔ ہم دنیا کو امن دکھا رہے تھے لیکن دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ ہوگیا۔ میرے نزدیک ہمیں بھارت کے ساتھ سنجیدگی سے بات کرنا ہوگی، اب جہاز گرانے کی باتیں چھوڑ کر تجارت کی طرف جانا چاہیے۔ ہمیں ایران کے ساتھ بھی تجارت کو فروغ دینا ہے۔ ہمیں سی پیک منصوبے کو آگے بڑھانا ہے، اس میں افغانستان کوبھی شامل کیا جائے۔ ہمیں خطے کے تمام ممالک کو انگیج کرنا اور تجارت کو فروغ دینا ہے۔ ہمیں اس خطے کے بچوں کو جدید تعلیم، ہنر اور روزگار دینا ہوگا۔ اگر یہ کام ہوگیا تو خطے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

ڈاکٹر زمرد اعوان

(ماہر امور خارجہ)

دہشت گردی کے حالیہ حملوں کے بارے میں پاکستان کا موقف یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے جبکہ دوسری طرف افغان حکومت کا موقف ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کا معاملہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اس میں افغانستان کی سرحد استعمال نہیں ہو رہی۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ’بی ایل اے‘ کی پشت پناہی میں بھی افغانستان کا اہم کردار ہے۔

پاک افغان کشیدگی ختم کرنے میں قطر، سعودی عرب اور ترکیہ نے کردار بھی ادا کیا، معاہدہ بھی ہوا لیکن زیادہ دیر چل نہیں سکا۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ معاہدہ تو کرلیں لیکن اسے پورا کرنے کیلئے جس کمٹمنٹ کی ضرورت ہے وہ نہ ہو۔ یہاں ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اس خطے میں امریکا، یورپ اور مغربی طاقتیں جس طریقے سے متحرک رہیں اور افغانستان ہی وہ وجہ تھی جس کیلئے یہ طاقتیں یہاں آئیں، وہ حالات آج نہیں ہیں۔ اب خطے کو خود سے اپنے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے اور ان مسائل کیلئے انہیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو یقینی بنانا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے نسلی اور مذہبی حوالے سے بھی گہرے تعلقات ہیں۔

خاص طور پر پاکستان میں ایک بہت بڑی آبادی پشتون ہے، سرحدی وقبائلی علاقوں کے لوگوں کی دونوں ممالک میں آپس میں شادیاں اور رشتے داریاں ہیں۔ اس حساب سے دونوں ممالک کو بڑی احتیاط کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اب بات صرف حکومتوں کی کشیدگی کی نہیں ہے بلکہ اس کا اثر دونوں ممالک کی آبادی پر بھی ہو رہا ہے۔ جب بھی پاک افغان کشیدگی ہوتی ہے تو بارڈر بند کر دیا جاتا ہے، تجارت روک دی جاتی ہے جس کا خاص طور پر سرحدی علاقوں میں رہنے والی آبادی پر برا اثر پڑتا ہے۔ یہ اس وقت زیادہ اہم اس لیے ہے کہ فاٹا کے یہ علاقے کچھ عرصہ قبل ہی خیبر پختونخوا میں ضم ہوئے ہیں۔

یہ اپنے حساب سے بہت سارے معاشی اور علاقائی مسائل سے گزر رہے ہیں لہٰذا ضروری یہ ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، کشیدگی جتنی بھی ہو، دونوں ممالک بعض معاملات پر اتفاق کر لیں جن میں سب سے پہلا یہ ہے کہ سرحد کسی بھی حالت میں تجارت کیلئے بند نہ کی جائے۔ بہت سارے ٹرک جو بارڈر پر رکے ہوتے ہیں ان میں پھل یا ایسی اشیاء ہوتی ہیں جو خراب ہو جاتی ہیں اور لوگوں کا بڑا نقصان ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ سرحدی آبادی کی معاشی اور انسانی حفاظت بہت ضروری ہے۔افغانستان سے بہت سارے لوگوں کو یہاں سے مدد کی ضرورت ہوتی ہے، ان کے خاندان یہاں ہیں، لوگ علاج کیلئے بھی یہاں آتے ہیں لہٰذا وہ پابندی سے شدید متاثر ہوتے ہیں۔ افغان سرزمین دہشت گرد ی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، دونوں ممالک کو معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے۔

بھارت کے ساتھ پاکستان کا جنگ کا ماحول رہا۔ اب افغانستان کے ساتھ مسائل پیدا ہو رہے ہیں، پاکستان یہاں سرحدی مسائل کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اس کیلئے علاقائی تعاون کویقینی بنانا ضروری ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت یہ کا موقف یہ ہے کہ جب تک عوامی نمائندے پالیسی نہیں بنائیں گے تب تک اس خطے میں امن نہیں آسکتا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان معاہدوں کو لے کر اعتماد کا فقدان ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کے باوجود حالات خراب ہوئے۔ دونوں ممالک کی معیشت اس قابل نہیں ہے کہ وہ جنگ کا بوجھ اٹھا سکیں۔ اگر جنگ ہوئی تو خطے میں پھیلے گی جس میں گروہ بندیاں بھی ہوں گی۔ ممکن ہے کہ بھارت افغانستان کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالے لہٰذا پاکستان اور افغانستان دونوں کو اس معاملے میں احتیاط کرنی چاہیے۔  

Tagsپاکستان

متعلقہ مضامین

  • بھارت جنگ ہارا، کشمیر کیخلاف سازش بھی ناکام ہوگی، بلاول بھٹو
  • ہم بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے: بلاول بھٹو زرداری
  • محسن  نقوی  سے  ملاقات  ‘ پاکستان کیساتھ  تعاون  جاری  رکھیں  گے : چینی  سفیر 
  • بلاول بھٹو سے عالمی پارلیمانی و کاروباری شخصیات کے وفد کی ملاقات
  • دہشت گردی کی حالیہ لہر …نمٹنے کیلئے قومی وحدت ناگزیر ہے !!
  • وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے سفیر کی ملاقات،انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
  • پاکستان اور چین میں انسدادِ دہشتگردی، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
  • دہشت گردی کی حالیہ لہر ...نمٹنے کیلئے قومی وحدت ناگزیر ہے !!
  • بلاول بھٹو سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کی ملاقات
  • بلاول بھٹو کی نامزد وزیراعظم آزاد کشمیر کو عوامی رابطے بڑھانے کی ہدایت