شادی کے نام پر لوٹ مار! سات ماہ میں 25 شوہر بدلنے والی ’دلہن‘ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 21st, May 2025 GMT
بھارت میں ایک حیران کن اور فلمی کہانی جیسا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک نوجوان خاتون نے محض سات ماہ کے قلیل عرصے میں 25 مردوں سے شادی کی، مگر مقصد محبت نہیں بلکہ صرف لوٹ مار تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس چالاک دلہن کو گرفتار کرلیا ہے، جسے میڈیا نے ’لوٹ اینڈ اسکوٹ دلہن‘ کا لقب دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بھوپال میں 23 سالہ انورادھا پاسوان نامی اس خاتون کو پولیس نے متعدد شادیوں اور مالی دھوکا دہی کے الزامات میں گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انورادھا نے ملک کی مختلف ریاستوں میں گھوم پھر کر مردوں سے شادی کی، ان کے اعتماد کو جیتا، اور پھر موقع پا کر ان کے قیمتی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء چرا کر راتوں رات غائب ہوجاتی۔
اس اسکینڈل کا پردہ تب چاک ہوا جب راجستھان کے شہر سوئی مادھوپور سے تعلق رکھنے والے وشنو شرما نامی شہری نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ وشنو کا کہنا تھا کہ ایک ایجنٹ نے اس سے دو لاکھ روپے لے کر اپریل میں انورادھا سے کورٹ میرج کروائی تھی، مگر صرف بارہ دن بعد وہ خاتون قیمتی سامان سمیت فرار ہو گئی۔
پولیس تحقیقات سے یہ بھی پتا چلا کہ خاتون نے قانونی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے نکاح کیے اور ہر شوہر کے ساتھ چند دن گزارنے کے بعد رات کے اندھیرے میں زیورات اور قیمتی سامان سمیٹ کر فرار ہو جاتی تھی۔ وشنو شرما سے فرار ہونے کے بعد، انورادھا نے بھوپال پہنچ کر ایک اور شخص سے شادی کرلی۔
مزید تفتیش میں پولیس کو انکشاف ہوا کہ انورادھا پہلے اتر پردیش کے مہاراج گنج میں ایک اسپتال میں ملازمت کرتی تھی، جہاں گھریلو جھگڑے کے بعد اس نے اپنا شہر چھوڑا۔ بھوپال آنے کے بعد وہ ایک ایسے گروہ کا حصہ بن گئی جو شادی کے لیے دلہنیں فراہم کرنے والے ایجنٹس کے ذریعے کام کرتا تھا۔ یہ ایجنٹس واٹس ایپ پر دلہنوں کی تصویریں شیئر کر کے مردوں کو شادی پر آمادہ کرتے اور ہر نکاح کے بدلے دو سے پانچ لاکھ روپے تک وصول کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تہہ تک پہنچنے کے لیے تفتیش جاری ہے، اور امکان ہے کہ اس گروہ میں کئی اور لوگ ملوث ہوں۔ انورادھا کے ہاتھوں لٹے مردوں کی فہرست طویل ہے، اور اس واقعے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے کہ آن لائن شادیاں کس حد تک خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے بعد
پڑھیں:
لکی مروت میں رات گئے پولیس کی کارروائی، انتہائی مطلوب 2دہشتگرد گرفتار
پشاور:لکی مروت میں پولیس نے رات گئے اہم کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی شناخت بلال سکنہ ناورخیل اور آصف نواز ساکن کٹہرے خیل کے ناموں سے ہوئی جو لکی مروت پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی فتنتہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کے احکامات پر صوبہ بھر کی پولیس طرح بنوں ریجن پولیس بھی ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان کی قیادت میں سرگرم ہے۔ اسی سلسلے میں کی گئی ایک اہم کارروائی میں لکی مروت پولیس نے دو انتہائی بدنام دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے جو پولیس کو دہشتگردی کے مقدمات میں انتہائی مطلوب تھے۔
ایس ایچ او تھانہ شہباز خیل نے رات گئے خفیہ اطلاع پر تھانے کی حدود میں واقع گاؤں جھنگ خیل میں کامیاب کارروائی کی جس کے نتیجے میں علاقے میں موجود دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں بلال سکنہ ناورخیل اور آصف نواز ساکن کٹہ خیل کو گرفتار کر لیا۔
دونوں دہشتگرد پولیس کو انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں جن کی گرفتاری کے لیے عرصہ دراز سے تگ ودو جاری تھی۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے ایس ایچ او تھانہ شہباز خیل شکیل خان و نفری کو دہشتگردوں کی گرفتاری پر شاباش دیتے ہوئے اسی بہترین کارکردگی کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکی مروت پولیس دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور علاقے میں امن کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔