اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر اراکین اور کارکنان پی ٹی آئی کا احتجاج ، سکیورٹی ہائی الرٹ
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی اور کارکنان اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہو گئے اور احتجاج کیا ۔ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی جبکہ قیدی وین اور بکتر بند گاڑیاں بھی ہائی کورٹ کے باہر پہنچا دی گئیں ۔ سکیورٹی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ۔پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ 190 ملین پائونڈ کیس میں بانی تحریک انصاف کی سزا معطلی کی درخواست تاحال مقرر نہیں کی جا سکی، جس پر پارٹی میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ قیادت کا کہنا ہے کہ وہ آج ایک بار پھر عدالت سے کیس مقرر کرنے کی اپیل کرے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ،اسلام آباد کچہری سے کئی کارکن گرفتار
اسلام آباد(ممتاز نیوز)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ، اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے باہر سے تحریک انصاف کے چارکارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ، گرفتار کیے گئے 4 کارکنان کیس کی سماعت کے بعد کچہری سے باہر نکلے تھے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد موقع پر پہنچے اورانہیں اپنے ساتھ لے گئے
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 کارکنان کو کچہری کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاریاں تھانہ رمنا میں درج مقدمے کی بنیاد پر کی گئیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے استغاثہ کے گواہان پر جرح کی گئی۔
دورانِ سماعت وکلائے صفائی نے آئندہ تاریخ پر مزید گواہوں پر جرح کرنے کا عندیہ دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 جولائی 2025 تک ملتوی کر دی ہے۔
ادھر عدالتی کارروائی کے بعد کچہری کے احاطے میں موجود پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کے چار کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ان کارکنوں پر تھانہ رمنا میں درج مختلف دفعات کے تحت مقدمات موجود ہیں۔
عدالتی احاطے میں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے وکلاء اور رہنماؤں کی جانب سے ممکنہ قانونی ردِعمل متوقع ہے۔