عافیہ صدیقی رہائی کیس: ہائی کورٹ کا وفاق سے بذریعہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالتی سوال پرجواب طلب
اشاعت کی تاریخ: 13th, June 2025 GMT
امریکہ میں قید پاکستانی نیوروسائنٹسٹ ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر واضح مؤقف طلب کر لیا ہے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اہم سوالات اٹھائے اور حکومت کو عدالتی معاونت سے متعلق حتمی جواب دینے کی ہدایت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے ذریعے وفاق سے استفسار کیا کہ آیا حکومت پاکستان بطور عدالتی معاون، امریکہ کی عدالت میں بیان جمع کرانے پر آمادہ ہے یا نہیں؟ عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری واضح کرے۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا انسانی بنیادوں پر مطالبہ کرے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کو امریکہ میں عدالتی معاونت فراہم کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے احکامات جاری کیے جائیں۔جسٹس اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیے، ’معمولی سی استدعا سے پاکستان کو آخر کیا نقصان ہو سکتا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اٹارنی جنرل پہلے بھی اس عدالت میں ایک پیشی کے دوران اس معاملے پر بیان دے چکے ہیں.
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمر ایوب کے خلاف کارروائی سے روک دیا
الیکشن کمیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے کے نوٹس کیس کی سماعت ہوئی. جس میں پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمر ایوب کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ذرائع کے مطابق درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال نے کی، وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے خلاف نوٹس بھیجا ہے.اثاثوں سے متعلق 120 روز کے اندر جواب دینا لازمی ہوتا ہے جو ہم نے جواب دیا. اثاثہ جات جمع کرنے کے ایک سو بیس روز گزر جانے کے بعد کسی شکایت پر الیکشن کمیشن نوٹس جاری نہیں ہوسکتا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس طرح کیس ایبٹ آباد میں بھی زیر سماعت ہے. تاہم وکیل کا کہنا تھا کہ وہ کیس مکمل طور پر اس سے مختلف ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ اس کیس کو وہاں بھیج دیں یا پھر اس کیس کو یہاں منگوا لیں جس کے بعد وکیل نے کیس کو ختم کرنے کی استدعا کی۔وکیل نے کہا کہ اس کیس کی کوئی بنیاد ہی نہیں. ہم نے الیکشن کمیشن کو 31 دسمبر 2024 کو اثاثوں کی رپورٹ جمع کرائی ہے۔
بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کارروائی سے الیکشن کمیشن کو روک دیا۔
واضح رہے کہ 15 جولائی کو الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کے اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت میں نوٹس واپس لینے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔