خیبرپختونخوا میں تخریبی کارروائیوں کے لیے ڈرونز کا استعمال، سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں دہشتگرد اب تخریبی سرگرمیوں کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں، خاص طور پر ضم شدہ قبائلی اضلاع اور جنوبی علاقوں میں یہ رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چین نے مچھر جتنا چھوٹا جدید ڈرون تیار کرلیا، مقاصد کیا ہیں؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے ڈرونز کے استعمال کی تصدیق ہو چکی ہے، جس سے سیکیورٹی خدشات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ڈرون کا استعمال بڑھ رہا ہے، اور یہ امکان موجود ہے کہ دہشتگرد اس ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دیں گے۔ آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس کو تمام اضلاع میں ڈرونز کی فوری ضرورت ہے تاکہ بروقت نگرانی اور کارروائی ممکن ہو سکے۔
ان کے مطابق خاص طور پر رات کے وقت کام کرنے والے جدید ڈرونز سیکیورٹی کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس کے لیے ڈرونز کی خریداری پر کام جاری ہے، اور امید ظاہر کی کہ یہ اہم کمی جلد پوری کر لی جائے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آئی جی خیبرپختونخوا پاکستان دہشتگرد ڈرون.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ا ئی جی خیبرپختونخوا پاکستان دہشتگرد کے لیے
پڑھیں:
اے این ایف کی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد
کراچی:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران ساڑھے 6 کروڑ روپےسے زائد مالیت کی منشیات تحویل میں لے لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف کارروائیوں کے دوران 6 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 223 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سہراب گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس دوران گاڑی سے 126 کلو آئس اور 18 کلو ہیروئن برآمدکرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گلستان جوہر میں ایک گھر سے 72 کلو چرس برآمد کیا گیا اور اس کارروائی کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔
ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والی کارروائیوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے علاقے چوہڑ چوک کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس تحویل میں لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ترنول پھاٹک اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 2.4 کلو چرس اور 290 گرام افیون برآمد کی گئی، ترکئی ٹول پلازہ سوہاوہ کے قریب مسافر وین میں سوار 2 ملزمان سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تینوں کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے پیٹ سے 340 گرام وزنی 69 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے،گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔