ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، مزید بارش کی پیشگوئی
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مزید دو دن بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اور چند مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہر قصور میں 71 ملی میٹر، اوکاڑہ 67، شیخوپورہ 54، جوہرآباد 49، سرگودھا سٹی 45، ملتان ایئرپورٹ 43، بہاولنگر اور ساہیوال 37 اور چکوال میں 36 ملی میٹر ہوئی۔
اسی طرح اسلام آباد میں 35، لاہور ایئرپورٹ 34، حافظ آباد اور خان پور 29، نارووال 25، رحیم یار خان 24، لاہور سٹی 23، فیصل آباد، خانیوال 17، گجرات سے ملتان سٹی 11، منگلا 10، جہلم 9، اٹک اور نور پور تھل 7، منڈی بہاالدین، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 5، مری 2، گوجرانوالہ1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں مالم جبہ میں 69، پاراچنار 23، چراٹ 15، سیدو شریف 10، لوئر دیر، تخت بائی، کاکول 5 اور بالاکوٹ 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
کشمیر کے علاقوں راولاکوٹ 11، مظفر آباد ایئرپورٹ 10، مظفر آباد سٹی 6، گڑھی دوپٹہ3 ملی میٹر بارش ہوئی اور بلوچستان کے ضلع بارکھان میں2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین، سبی اور جیکب آباد میں 46، نوکنڈی ، روہڑی اور موہنجو داڑو میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج رات جنوب مشر قی، شمال مشر قی سندھ، پنجاب، کشمیر ، خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی، جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا کہ جمعے کو کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور شمال مشرقی، جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور اس دوران چند مقاما ت پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 26 سے 28 جون کے دوران موسلا دھار، شدیدموسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 27 اور 28 جون کو موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، قلات، دادو اور قمبر شہداد کوٹ میں مقامی بر ساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
علاوہ ازیں 27 اور 28 جون کو سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا اندیشہ ہے، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا اسٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا خدشہ بھی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ شدید بارش کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان محکمہ موسمیات نے اور گرج چمک کے ملی میٹر بارش اسلام آباد شمال مشرقی کے باعث
پڑھیں:
آزاد کشمیر میں مزید 44 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق
اعداد و شمار کے مطابق مظفرآباد میں سب سے زیادہ 562 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ باغ میں 80، میرپور میں 166، جہلم ویلی میں 10، نیلم ویلی میں 11، سدھنوتی میں 3، حویلی میں 5، پونچھ میں 26، ضلع کوٹلی میں 5 اور بھمبر میں 8 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر میں ڈینگی وائرس کی شدت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈینگی کنٹرول روم کی جانب سے حالیہ رپورٹ کے مطابق مزید 44 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 876 تک پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق مظفرآباد میں سب سے زیادہ 562 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ باغ میں 80، میرپور میں 166، جہلم ویلی میں 10، نیلم ویلی میں 11، سدھنوتی میں 3، حویلی میں 5، پونچھ میں 26، ضلع کوٹلی میں 5 اور بھمبر میں 8 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ آزاد کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں 25 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ مزید 190 مریضوں کو صحتیاب ہونے پر گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔ صحت حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ علامت کی صورت میں فوراً طبی امداد حاصل کریں۔