ریاستی نظام میں عوامی خدمت پر مبنی سول بیورو کریسی کا شفاف کردار ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاستی نظام میں عوامی خدمت پر مبنی سول بیورو کریسی کا شفاف کردار ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم میں سول سروسز اکیڈمی کے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام (CTP) کے زیرتربیت افسران سے ملاقات کی۔
یہ افسران امن کے دوران فوجی فارمیشنز، آپریشنل علاقوں، بالخصوص کشمیر،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پاکستان آرمی کے ساتھ منسلک رہے
اور انہیں تینوں مسلح افواج کی سرگرمیوں کو قریب سے دیکھنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔
فیلڈ مارشل کی افسران سے ملاقات ایک وسیع تر قومی اقدام کا حصہ تھی ، جس کا مقصد سول اور عسکری قیادت کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور باہمی فہم و ادراک کو گہرا کرنا ہے۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی، درپیش داخلی و خارجی چیلنجز اور پاکستان کی علاقائی سلامتی و استحکام میں مسلح افواج کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ادارہ جاتی یکجہتی، باہمی احترام اور مشترکہ قومی مقصد ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ریاستی نظام میں ایک باصلاحیت، شفاف اور عوامی خدمت پر مبنی سول بیوروکریسی کے کردار کو ناگزیر قرار دیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ نوجوان افسران دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلیٰ معیار کو اپنائیں۔
اس موقع پر شرکا نے سینئر فوجی قیادت سے براہ راست ملاقات اور پاکستان آرمی کے وژن، آپریشنل تیاری اور قومی تعمیر و ترقی میں کردار کے بارے میں جاننے کے موقع کو بے حد سراہا۔
ملاقات کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جو ایک تعمیری مکالمے، مشترکہ ذمے داری اور پاکستان کی ترقی کے لیے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل
پڑھیں:
امریکی صدر کے مشکور ہیں جن کی وجہ سے پاک بھارت سمیت کئی جنگیں رُکیں، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی صدر ٹرمپ کا انتہائی مشکور ہے جن کی بدولت پاک بھارت سمیت کئی جنگیں رُک گئیں۔
امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارتی جارحیت نے خطے کو ایک خطرناک طور پر بھڑکنے والی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، جہاں کسی بھی غلطی کی وجہ سے دو طرفہ تصادم بہت بڑی غلطی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صدر ٹرمپ کا انتہائی مشکور ہے جن کی اسٹریٹجک لیڈشپ کی بدولت نا صرف انڈیا پاکستان جنگ رکی بلکہ دنیا میں جاری بہت سی جنگوں کو روکا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ محض ڈیڑھ ماہ کے وقفے کے بعد میرا دوسرا دورہ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے ایک نئی جہت کی علامت ہے، ان دوروں کا مقصد تعلقات کو ایک تعمیری، پائیدار اور مثبت راستے پر گامزن کرنا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اس وقت دہشت گردی کے کیخلاف پاکستان آخری فصیل ہے، دہشت گردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں اور انہیں پوری قوت سے انصاف کا سامنا کرنا ہوگا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن عزیز کے ساتھ عقیدت اور وابستگی ایک کھلی حقیقت ہے، ناگہانی آفات کی صورت میں بھی بیرون ملک پاکستانی سب سے پہلے امداد کی اپیل پر لبیک کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی، ایک بدترین انسانی المیہ ہے جس کے عالمی اور علاقائی دونوں سطح پر شدید مضمرات ہیں۔