پاکستان میں فائیو جی تاحال تاخیر کا شکار، وجہ سامنے آ گئی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی تاخیر کا شکار ہو گئی، اس حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی شیزا فاطمہ نے وجوہات بتا دیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ قانونی پیچیدگیوں کے باعث فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل تاخیر کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی نار اور پی ٹی سی ایل کے انضمام کے معاملے پر مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی منظوری کا انتظار ہے، جس کے بغیر نیلامی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے واضح کیا کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان ایک خودمختار ادارہ ہے جو آزادانہ فیصلے کرتا ہے اور اسی لیے اس عمل میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر ریگولر فیڈبیک وزیر خزانہ اور اسپیکٹرم آکشن کمیٹی کے سربراہ لے رہے ہیں تاکہ عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی کی جانب سے وزیر خزانہ سے اسپیکٹرم آکشن کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کی باضابطہ درخواست بھی کی گئی ہے اور اب جب کہ بجٹ اجلاس ختم ہو چکا ہے، فائیو جی نیلامی کے لیے اسپیکٹرم آکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ فائیو جی نیلامی کے عمل کے لیے تھرڈ پارٹی کنسلٹنسی فرم اپنی رپورٹ مکمل کر چکی ہے، جو اسپیکٹرم آکشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ اسی اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کب اور کس طریقہ کار کے تحت کی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام رکاوٹیں جلد دور ہو جائیں گی اور پاکستان میں فائیو جی کا خواب جلد حقیقت بنے گا۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان اسپیکٹرم آکشن کمیٹی وفاقی وزیر فائیو جی آئی ٹی
پڑھیں:
پاکستان اور ایران کا خارجہ و دفاعی امور پر براہ راست مشاورت کا فیصلہ
پاکستان اور ایران نے رواں ہفتے خارجہ پالیسی، دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر براہ راست دو طرفہ مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اہم ملاقاتیں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے شہر شوشا میں ہوں گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایرانی وزیر خارجہ سے خصوصی ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات جمعہ کو متوقع ہے۔
پاکستانی وفد جمعرات کو شوشا پہنچے گا جہاں وہ ای سی او کے اہم اجلاس میں شرکت کرے گا۔ شوشا، کاراباخ کا ایک اسٹریٹجک علاقہ ہے جو حالیہ آذری-آرمینیائی تنازع کے بعد آرمینیا سے آزاد کرایا گیا تھا۔
اسحاق ڈار ترک وزیر خارجہ حقان فدان سمیت قازقستان، ازبکستان اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
علاوہ ازیں، پاکستانی وفد کی ترک صدر رجب طیب اردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور دیگر علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ای سی او اجلاس کو خطے میں اقتصادی، سیکیورٹی اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔