سبیل امام حسینؑ، مجلس عزاء اور جلوس عزاء پر اعتراض ناقابل قبول ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
اپنے بیان میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سبیل امام حسینؑ لگانا اور کربلا کے پیاسوں کی یاد میں لوگوں کو پانی پلانا ایک مبارک عمل ہے، جو سنتِ اہل بیتؑ اور شعائرِ حسینی کا مظہر ہے۔ بعض افراد اس سے خوفزدہ ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نواسۂ رسول (ص) حضرت امام حسین علیہ السلام جنت کا دروازہ ہیں۔ عزاداری، سبیل اور ذکر حسین (ع) جنت جانے کا راستہ ہے۔ سبیل امام حسین مجلس عزاء اور جلوس عزاء پر اعتراض ناقابل قبول ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام جنت کے سردار اور دروازہ جنت ہیں۔ آپ (علیہ السلام) کے درِ ولایت سے پوری انسانیت کے لئے نجات اور جنت کا راستہ کھلتا ہے۔ عزاداری امام حسینؑ، ذکر حسینؑ اور پیاسوں کی پیاس بجھانے والی سبیلیں جنت کے راستے ہیں اور عظیم عبادات میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبیل امام حسینؑ لگانا اور کربلا کے پیاسوں کی یاد میں لوگوں کو پانی پلانا ایک مبارک عمل ہے، جو سنتِ اہل بیتؑ اور شعائرِ حسینی کا مظہر ہے۔ افسوس ہے کہ بعض یزیدی فکر رکھنے والے افراد سبیلوں اور پانی پلانے کے عمل سے خوفزدہ ہیں اور اس کی مخالفت کرتے ہیں، حالانکہ ہر صاحبِ شعور جانتا ہے کہ پیاسوں کو پانی پلانا نہایت عظیم نیکی ہے۔ علامہ ڈومکی نے واضح کیا کہ بغضِ اہل بیتؑ ایک لاعلاج مرض ہے، اور "آل محمد ﷺ" سے بغض جس کے دل میں ہو، اس کا ٹھکانہ جہنم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں حسینی، کربلائی اور انقلابی عوام وقت کے یزید کے خلاف صف آرا ہیں۔ یزیدِ وقت امریکہ اور اسرائیل ہیں، جن کے مقابلے میں ایران، لبنان اور یمن کے مجاہدین نے صبر و استقامت کے ساتھ ظلم کے خلاف قیام کیا ہے۔ ان کی قربانیوں سے عالمی استکبار کی بنیادیں لرز رہی ہیں اور دنیا کے سامنے حسینی اسلام اور یزیدی اسلام کا فرق نمایاں ہو چکا ہے۔ ایک طرف یزیدی اسلام کے وہ لوگ ہیں جو شیطان ٹرمپ جیسے ظالموں کے سامنے اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو رقص کرواتے ہیں، اور امریکہ و اسرائیل کی غلامی کو باعث فخر سمجھتے ہیں، جبکہ دوسری طرف وہ حسینی و کربلائی ہیں جو دینِ اسلام کے تحفظ کے لئے وقت کے فرعونوں کے خلاف جان کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ یحییٰ سنوار، سید ہاشم صفی الدین، اسماعیل ہانیہ عصر حاضر کے حسینی ہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین اور غزہ عصر حاضر کی کربلا ہیں۔ وہاں کی مظلوم مزاحمت نے آج کے منافقین کے چہروں سے نقاب نوچ کر ان کے مکروہ چہرے دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیئے ہیں۔ جنرل قاسم سلیمانی، جنرل باقری اور سید حسن نصر اللہ جیسے عظیم مجاہدین کی قربانیوں نے آج بھی حق اور صداقت کے پرچم کو بلند رکھا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سبیل امام حسین علامہ مقصود نے کہا کہ ڈومکی نے
پڑھیں:
کوئٹہ، محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس عزاء کا سلسلہ جاری
علمدار روڈ، ہزارہ ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن اور میکانگی روڈ سمیت متعدد مقامات پر علمائے کرام اور ذاکران مجالس عزاء سے خطاب کر رہے ہیں، جبکہ خواتین کیلئے بھی مختلف مدارس اور گھروں میں بھی مجالس عزاء کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس عزاء، عزاداری اور ماتمداری کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ، ہزارہ ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن اور میکانگی روڈ سمیت متعدد مقامات پر علمائے کرام اور ذاکران مجالس عزاء سے خطاب کر رہے ہیں، جبکہ خواتین کے لئے بھی مختلف مدارس اور گھروں میں بھی مجالس عزاء کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سال محرم الحرام کے پہلے عشرے کے موقع پر مسجد خاتم الانبیا علمدار روڈ میں سید حیدر عباس عابدی، امام بارگاہ نچاری ہزارہ علمدار روڈ میں علامہ سید احمد کاظمی، امام بارگاہ امام رضا علیہ السلام محلہ ہاشمی میں علامہ سید ہاشم موسوی، مدرسہ علمیہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام میں علامہ محمد کاظم بہجتی خطاب کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ماتمی دستوں کی جانب سے ہر رات ہفت تکیہ کے سلسلے میں علمدار روڈ پر جلوس عزاء اور شبیہہ زوالجناح بھی برآمد کیا جا رہا ہے۔