data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

اسلام آباد:ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، چھتیں گرنے اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں کلاوڈ برسٹ (Cloudburst) کے باعث شدید سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی، جس سے برساتی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، محلہ چاہت میں ایک افسوسناک واقعے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے والدین اور دو بہن بھائیوں کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی کے سید پور ولیج میں سب سے زیادہ 131 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پی ایم ڈی (پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ) میں 81 ملی میٹر، گولڑہ میں 31 ملی میٹر اور چکلالہ میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب لاہور میں بھی صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے، لاہور کے پانی والا تالاب کے علاقے میں سب سے زیادہ 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں نے موسم کی خوشگواری پر سکھ کا سانس لیا تاہم کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے باعث مختلف حادثات میں صوبے بھر میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید برآں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں، ندی نالوں میں طغیانی اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حساس علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

خیال رہےکہ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور مقامی حکومتیں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور عوام کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کریں۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: ملی میٹر کے باعث کی گئی

پڑھیں:

10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔

جاری الرٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے جب کہ دریائے چناب کے مرالہ اور قادرآباد  کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے۔

دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ، اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جب کہ شدید بارشوں کے پیش نظر شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

بیان کے مطابق شمال مشرقی پنجاب کے پیر پنجال سلسلے سے نکلنے والے نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جب کہ  مقامی سیلاب بھی ممکن ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے،  گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ممکن ہے۔

اس کے علاوہ جنوبی بلوچستان کے کیرتھر رینج سے نکلنے والے ندی نالوں، خاص طور پر آواران، خضدار، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔

الرٹ میں کہا گیا کہ حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔ 

سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری وارننگز سے آگاہ رہیں، این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔

متعلقہ مضامین

  • کہوٹہ میں کلاؤڈ برسٹ، سید پور میں 130 ملی میٹر بارش، راولپنڈی شہر محفوظ رہا
  • 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
  • ملک بھر میں 10جولائی تک شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
  • جڑواں شہروں سمیت دیگر شہروں موسلادھار بارش، کئی مقامات پر تباہی، مزید بارشوں کی پیشگوئی
  • اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا
  • یوم عاشورہ پر بارش کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے پنجاب کا الرٹ
  • وفاقی درالحکومت میں موسلادھار بارش،راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ، محکمے ہائی الرٹ
  • ملک بھر میں بارشوں اور طوفانوں کی پیشگوئی، شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ
  • ملک بھر میں 6 سے 10 جولائی کے درمیان موسلادھار بارشوں کا امکان