طوفان داناس نے تائیوان کو ہلا کر رکھ دیا؛ 2 افراد ہلاک، 330 سے زائد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
جنوبی تائیوان میں شدید طوفان ’دناس‘ کے باعث خوفناک تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔ تیز ہواؤں اور بارشوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 330 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، جب کہ 5 لاکھ گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
تائیوان میں طوفان اکثر مشرقی پہاڑی علاقوں سے ٹکراتے ہیں، لیکن طوفان داناس نے غیر معمولی طور پر مغربی ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا، جو کہ زیادہ آبادی والے علاقے ہیں۔
حکام کے مطابق، 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے 700 سے زائد درخت اور سڑک کے اشارے اکھاڑ دیے۔ یونلِن کاؤنٹی میں سب سے زیادہ طوفانی ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔
تائیوان کے صدر لائی چنگ-تے نے فیس بک پر اپنے پیغام میں عوام سے کہا کہ وہ مکمل احتیاط کریں، کیونکہ یہ طوفان ملک کے تمام حصوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص درخت گرنے سے اور دوسرا وینٹیلیٹر بند ہونے کی وجہ سے جان سے گیا۔
تائیوان سائنس پارک، جہاں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی TSMC جیسے ادارے واقع ہیں، میں تاحال کوئی بڑا نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
دوسری طرف، چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ میں بھی خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چینی محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفان منگل کی رات تک فو جیان اور تائیژو کے درمیان لینڈ فال کرے گا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر، 121 مسافر بحری جہاز، 64 فیری سروسز، اور 181 تعمیراتی منصوبے معطل کر دیے گئے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، رینجرز اور ایس آئی یولیس کے ساتھ مقابلے میں 3 بھتہ خور ہلاک، ایک زخمی گرفتار
کراچی:ملیر 15 کے علاقے میں سندھ رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ مقابلے میں تین ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مبینہ بھتہ خوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد تین ملزمان مارے گئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
فائرنگ ختم ہونے کے بعد ہلاک اور زخمی ملزمان کو ریسکیو کی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شاہ رخ، راحب اور علی حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے کی گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزمان بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں اور ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔