ایٹمی بلیک میلنگ کا بھارتی بیانیہ گمراہ کن‘ خود ساختہ ہے : پاکستان
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے آرمی چیف کے بیان سے متعلق دیے گئے ریمارکس کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی وزارت خارجہ کے غیر سنجیدہ اور گمراہ کن بیان پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی بیان غیر سنجیدہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی بھارتی عادت کا ایک اور مظاہرہ ہے۔ مبینہ "ایٹمی بلیک میلنگ" کا بھارتی بیانیہ گمراہ کن اور خود ساختہ ہے۔ پاکستان کسی بھی طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے سخت خلاف ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، جس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل سول انتظام کے تحت ہے۔ پاکستان ہمیشہ ضبط و احتیاط سے کام لیتا آیا ہے اور ایسے حساس معاملات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مؤثر کوششیں دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات بے بنیاد اور بغیر کسی ثبوت کے ہیں۔ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی کسی بھی بھارتی کوشش کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہوگی۔ نہتے فلسطینیوں پر حملوں کی مذمت کرتے ترجمان نے کہا فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی عمومی تشریح سے متعلق ثالثی عدالت کی جانب سے 8 اگست 2025ء کو سنائے گئے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جسے عدالت کی ویب سائٹ پر شائع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ مغربی دریائوں (چناب، جہلم اور سندھ) پر بھارت کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے نئے ''رن آف ریور'' ہائیڈرو پاور منصوبوں کے لیے مقرر کردہ اصولوں کی وضاحت کرتا ہے۔ ایک اہم نکتے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ بھارت کو مغربی دریائوں کے پانی کو پاکستان کے بلاروک ٹوک استعمال کے لیے ''بہنے دینا'' ہوگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کی جانب سے
پڑھیں:
پاکستان کا آذربائیجان، آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل اور دنیا کے مختلف خطوں میں امن کے فروغ میں امریکی صدر کی کوششوں کا اعتراف اور تعریف کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا سمیت پورے خطے کے لئے خوشحالی اور پائیدار امن کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ تاریخی لمحہ آذربائیجان کی قیادت کی دانشمندی کا عکاس ہے، یہ تاریخی لمحہ لمبے عرصے تک جاری رہنے والے تنازع کو پُرامن حل تک پہنچانے کی عکاسی کرتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل اور دنیا کے مختلف خطوں میں امن کے فروغ میں صدر ٹرمپ کی کوششوں کا اعتراف اور تعریف کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ معاہدہ آذربائیجان اور آرمینیا سمیت پورے خطے کے لئے خوشحالی اور پائیدار امن کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔