کراچی میں واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے 14 سالہ حافظ قرآن لڑکے کو کچل ڈالا
اشاعت کی تاریخ: 7th, October 2025 GMT
شہر میں دنداناتے ہوئے واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے ایک اور جان لے لی، متوفی کی عمر 14 سال جبکہ وہ حافظ قرآن تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں واٹرٹینکر چلانے والے اناڑی ڈرائیور نے 14 سالہ اسماعیل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں لڑکا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو رضاکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال نے بتایا کہ کورنگی ضیا کالونی بیلچہ ہوٹل کے قریب واٹر ٹینکر پانی سپلائی کرنے جا رہا تھا کہ اس دوران گلی کا موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کو نوجوان دکھائی نہیں دیا اور وہ واٹر ٹینکر کے پہیوں تلے کچل کر جاں بحق ہوگیا۔
حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے ٹینکر سمیت فرار ہوگیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد ڈرائیور کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا جس کی شناخت عبدالرحمٰن کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے واٹر ٹینکر کو بھی اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔
قریبی عزیز کے مطابق متوفی اسماعیل حافظ قرآن ، 2 بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے بڑا اور آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔ جس کی موت کی خبر اہل خانہ پر پہاڑ بن کر ٹوٹی۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد متاثرہ گھرانے سے تعزیت کیلیے جمع ہوئی جبکہ مکین شدید مشتعل بھی نظر آئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: واٹر ٹینکر کے بعد
پڑھیں:
کراچی سے 17 سالہ جعلی حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے، خالد مقبول
کراچی (نیوزڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے ماسٹر پلان کو کرپشن پلان میں بدلنے کی تیاریاں ہورہی ہیں، ایوان اورعدالتوں سے انصاف نہ ملا تو سڑکوں پرآئیں گے، اس شہر میں 17 سالہ جعلی حکومت کا اب خاتمہ ہونا چاہیے۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے ماسٹر پلان کو کرپشن پلان میں بدلنے کی تیاریاں ہورہی ہیں، عام شہریوں کے مسائل پر ہمارے وکلا عدالتوں سے رجوع کرتے ہیں، ہم عدالتوں سے رجوع کرکے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کی بنیادی وجہ ہماری لیگل ایڈ کمیٹی کے آئندہ کا پروگرام دینا ہے، آج ہماری کراچی ماسٹر پلان 2047 کے خلاف مہم کا آخری دن تھا،لیکن اس مہم کو اب ہم مزید 10 دن کے لئے بڑھا رہے ہیں۔
خالد مقبول نے کہا کہ ہمارے کارکنان اس شہر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، اس شہر میں 17 سالہ جعلی حکومت کا اب خاتمہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حکومت میں رہ کر کراچی اور حیدرآباد کے لئے پیکیج لیا ہے، 77 سال کے بعد حیدرآباد میں ایک یونیورسٹی قائم ہوئی ہے اور کراچی کے کئی کالجز کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جا رہا ہے۔
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی لوٹ کا مال نہیں سندھ کا 97 فیصد بجٹ دیتا ہے جبکہ ایک فیصد ٹیکس نہ دینے والے سو فیصد اختیار استعمال کررہے ہیں اور سندھ میں سوفیصد دینے والوں کوایک فیصد اختیارنہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایسے تو گھر بھی نہیں چلتے خاندان تقسیم ہوجاتے ہیں ،ایوان اورعدالتوں سے انصاف نہ ملاتوسڑکوں پرآئیں گے۔