جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں منگل کی صبح شکارپور ضلع کے شہر ہمایوں کے قریب پٹڑی پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث 7 مسافر زخمی ہوئے۔

نجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے واقعے میں غیر ملکی مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر بار بار ہونے والے حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دھماکے کے باوجود ریلوے کی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

شکارپور کے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد ابڑو نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر اس وقت ہوا جب ٹرین پشاور سے کوئٹہ جارہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر شکارپور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

زخمیوں میں محمد شفیق ولد عبدالعزیز (ریلوے اہلکار)، محمد یونس، حوالدار جاوید، کانسٹیبل عبدالرحمٰن، کانسٹیبل اظہر جمیل اور 2 نامعلوم مسافر شامل ہیں۔

بعد ازاں، 4 زیادہ زخمی افراد کو مزید علاج کے لیے فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بعد میں واضح کیا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور باقی مسافروں کو محفوظ طریقے سے ان کی منزلوں تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پٹڑی کی مرمت کا کام جاری ہے۔

منگل کا دھماکا رواں سال جعفر ایکسپریس پر ہونے والا ساتواں حملہ بتایا جا رہا ہے، مارچ میں ہونے والے سب سے خونریز واقعے میں دہشت گردوں نے ٹرین ہائی جیک کر کے 21 مسافروں کو قتل کر دیا تھا، اس کے بعد سے ٹرین پر کم از کم 6 مرتبہ حملے ہو چکے ہیں۔

’ڈان‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ان حملوں کا الزام بھارت پر عائد کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آنے جانے والی ٹرین کی سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کو بار بار نشانہ بنانے والے دہشت گرد دراصل بھارت کے ایجنٹ ہیں، جو آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے دوران اپنی شکست برداشت نہیں کر سکا، یہ بھارت کے بزدلانہ اقدامات ہیں جو اب بھی مئی کی جنگ میں لگنے والے زخموں کے درد میں مبتلا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس بار دہشت گردوں نے شکارپور (سندھ) کے قریب ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا، ایسے بزدلانہ حملے پاکستان ریلوے کو جعفر ایکسپریس کی سروس روکنے پر مجبور نہیں کر سکتے، ٹرین معمول کے مطابق چلتی رہے گی، ہم ایسے حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، پٹڑی اور ٹرین کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں ان بہادر ڈرائیورز، گارڈز اور عملے کے ارکان کو سلام پیش کرتا ہوں جو ایسے خطرناک واقعات کے باوجود اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، اسی طرح میں ان بہادر مسافروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو اس ٹرین میں سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردوں کے لیے پیغام ہے کہ پاکستانی قوم ایک بہادر اور عظیم قوم ہے جو کبھی ہار نہیں مانے گی، میں اپنی مسلح افواج کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو شہریوں کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں کے خاتمے کی جدوجہد کر رہی ہیں۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے پولیس چیف سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

بعد ازاں، صوبائی قانون ساز امتیاز شیخ، ڈپٹی کمشنر شکیل ابڑو کے ہمراہ سول ہسپتال پہنچے اور زخمیوں محمد یونس اور محمد شفیق کی عیادت کی۔

.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: جعفر ایکسپریس کرتے ہوئے ہونے والے کے مطابق انہوں نے بتایا کہ کہا کہ

پڑھیں:

155 ریلوے اسٹیشنز شمسی توانائی پر منتقل، ریونیو میں اربوں روپے اضافے کے منصوبے جاری

دیگر محکموں کی طرح پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کے امور پر اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلوےکی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق 7 ڈیجیٹل پورٹل کام کر رہے ہیں، 54 ریلوے اسٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے جبکہ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد اسٹیشن پر مفت وائی فائی فراہم کیا جاچکا ہے، مزید 48 ریلوے اسٹیشنوں پر31 دسمبر تک مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 56 ٹرینوں کو RABTA پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ 54 ریلوے اسٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے ڈیجیٹل ویہنگ برج کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا، یہ سہولت پپری،کراچی چھاؤنی، پورٹ قاسم، لاہور اور راولپنڈی میں بھی دی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن میں اےآئی سےکام کرنے والے 148 سرویلنس کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ریلوے اسٹیشنوں پر بینکوں کی اے ٹی ایم بھی نصب کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنز کے صفائی ستھرائی کے کام کی آؤٹ سورسنگ کی گئی ہے، بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے اعلیٰ معیار کی انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں،ریلوےاسٹیشنوں پر کھانے پینے کی اشیاء چاروں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز کو رسائی دی گئی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 4 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے، جلد ہی مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، آؤٹ سورسنگ کے باعث 8.5 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے، 40 لگیج اور بریک وینز کو بھی آؤٹ سورس کیا گیا ہے جس سے 820 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے،وزیراعظم کو بتایا گیا کہ لاہور، کراچی، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور سکھر میں ریلوے اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے، ریلوے کے اسکولوں، کالجوں اور ریسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ پر بھی کام جاری ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 155 ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے، ریلوےکی مین لائن ون کے کراچی-کوٹری سیکشن اور مین لائن تھری کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے جبکہ تھر ریل کنیکٹی ویٹی کے منصوبے سے متعلق حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کام کیا جائےگا۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد-تہران-استبول ٹرین کا جلد آغاز ہو گا، قازقستان-ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریل منصوبے سے متعلق بھی ابتدائی کام ہو رہا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ریلوے نظام کی بحالی کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ریلوے منصوبوں پر قانونی اور معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور ریلویز کی پراپرٹی اور زمین کے معاملات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اختیار کرنےکی ہدایت کی۔

متعلقہ مضامین

  • 155 ریلوے اسٹیشنز شمسی توانائی پر منتقل، ریونیو میں اربوں روپے اضافے کے منصوبے جاری
  • اہل کراچی کیلیے ای چالان برقرار؛ صوبائی وزیر نے جرمانوں میں کمی کا امکان مسترد کردیا
  • بلوچستان سے ٹرین سروس بحال کر دی گئی
  • جرگے سے واپسی پر افراد کے لاپتہ ہونے پر اظہار برہمی، تحفظ دینا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری: پشاور ہائیکورٹ
  • جعفر آباد، 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف مجلس علماء کا احتجاجی مظاہرہ
  • کراچی اور پشاور سے کوئٹہ جانے والی ٹرینوں کو اچانک روک دیا گیا
  • پاکستان اور بھارت بھیانک ایٹمی حملوں کے لیے تیار تھے، میں نے جنگ رکوائی: ٹرمپ
  • مجدول کھجور کی اعلیٰ نسل کے بیج پاکستان درآمد کرنے کا فیصلہ
  • موہنجودڑو ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں، ڈاؤن ٹریک متاثر
  • کراچی، شاہ لطیف پولیس کا بڑا ایکشن، مقابلے میں دو زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار