توہینِ عدالت کی درخواست پر چیئرمین اوگرا کو نوٹس جاری، جواب طلب
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
لاہور:
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین اوگرا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا۔
کیس کی سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کی درخواست پر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آئل کمپنیوں کی رجسٹرڈ اور قانونی ایسوسی ایشن ہے، تاہم مارکیٹ میں آئل ایڈوائزری کونسل کے نام سے ایک اور غیر رجسٹرڈ ایسوسی ایشن کام کر رہی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق عدالت نے اس سے قبل چیئرمین اوگرا کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئل ایڈوائزری کونسل کی قانونی حیثیت واضح کریں، تاہم عدالتی حکم کے باوجود چیئرمین اوگرا نے اس ایسوسی ایشن کے بارے میں کوئی جواب جمع نہیں کرایا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین اوگرا نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کی، اس لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے چیئرمین اوگرا سے جواب طلب کر لیا اور چیئرمین اوگرا سے آئل ایڈوائزری کونسل کی قانونی حیثیت سے متعلق وضاحت طلب کر لی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیئرمین اوگرا ایسوسی ایشن
پڑھیں:
ہائیکورٹ نے4 دسمبر تک اسلامی نظریاتی کونسل کی انجینئر محمد علی مرزا کے بارے میں رائے معطل کردی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے انجینئر محمد علی مرزا کے بیان سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو 4 دسمبر تک معطل کرتے ہوئے کہا ہےکہ آئندہ سماعت پر کونسل کے وکیل عدالت کو مطمئن کریں کہ کن حالات میں اسلامی نظریاتی کونسل ایف آئی اے یا پولیس کو سفارشات دے سکتی ہے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ڈاکٹر اسلم خاکی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 229 اور 230 کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل صدر، گورنر یا پارلیمنٹ کو رائے دینے کا اختیار رکھتی ہے۔عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر تفصیلی بحث کی ضرورت ہے کہ آیا صدر، گورنر یا پارلیمنٹ کے علاوہ کوئی شخص یا ادارہ اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کرسکتا ہے یا نہیں۔عدالت نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کس اتھارٹی کے تحت ایف آئی اے ، پولیس یا دیگر اداروں کو رائے دے سکتی ہے؟عدالت نے کیس کی سماعت 4 دسمبر 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ تاریخ سماعت تک انجینئر محمد علی مرزا کے بیان سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے معطل رہےگی اور کسی عدالتی فورم یا انویسٹی گیشن میں اس کا حوالہ نہیں دیا جاسکتا۔