سپریم کورٹ بارالیکشن ‘ عاصمہ جہانگیر گروپ کا کلین سویپ ‘ ہارون الرشید ‘ زاہد اسلم سیکر ٹر ی منتخب
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں انڈیپنڈنٹ عاصمہ جہانگیر گروپ کے ہارون الرشید صدر جبکہ زاہد اسلم اعوان سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار توفیق آصف جبکہ سیکرٹری کے میاں عرفان اکرم تھے۔ نائب صدور میں خالد مسعود سندھو پنجاب‘ لیاقت ترین بلوچستان‘ فضل شاہ مہمند کے پی کے‘ لطف اﷲ آرائیں سندھ سیٹ پر کامیاب ہوئے۔ جبکہ سردار طارق حسین ایڈیشنل سیکرٹری‘ سائرہ خالد راجپوت فنانس سیکرٹری‘ الٰہی بخش مینگل‘ شاہ رسول کاکڑ‘ ایگزیکٹو ممبر بلوچستان‘ ضیاء اﷲ درانی‘ راحیلہ بی بی کے پی کے‘ حافظہ مہناز ندیم عباسی ملتان بہاولپور‘ امجد شیرازی‘ جاوید عمران رانجھا پنجاب‘ ڈاکٹر شاہ نواز‘ ذوالفقار حیدر شاہ سندھ کی سیٹ پر کامیاب ہوئے۔ دریں اثناء نومنتخب صدر ہارون الرشید نے سیکرٹری ملک زاہد اسلم اعوان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وہ طاقتیں جو عدلیہ کو بلیک میل کرتی ہیں‘ پارلیمان کی تذلیل کرتے ہیں‘ ان کو جواب مل گیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آئینی عدالت بنانی چاہیے اور ججز کی مدت 70 سال ہونا چاہیے۔ سب سے پہلی کوشش آئینی عدالت کا قیام ہے تا کہ اشرافیہ کے کیسز آئیں اور سزائیں سنائی جائیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اشرافیہ کو سزائیں آئینی عدالت دے اور باقی لوگوں کے کیسز دوسری عدالتوں میں چلیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سپریم کورٹ بار الیکشن: ہارون الرشید اور توفیق آصف میں مقابلہ، پولنگ شروع
لاہور(نیوزڈیسک) سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 2025 کے سلسلہ میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا، شام 5 بجے تک ووٹنگ جاری رہے گی۔
سپریم کورٹ بار کے صدر کی نشست کے لیے ہارون الرشید اور توفیق آصف آمنے سامنے ہیں جبکہ سیکرٹری کے لیے میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم اعوان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
نائب صدر پنجاب کی سیٹ پر محمد حبیب قریشی ،چوہدری ارشد حسین اور خالد مسعود سندھو کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے، سپریم کورٹ بار کے انتخابات کیلئے ملک بھر 13 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔
ملک بھر سے 4 ہزار 3 سو 79 ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے، لاہور میں ایک ہزار چار سو 60 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، اسلام آباد و راولپنڈی سے 805 اور خیبرپختونخوا سے 593 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔
سندھ کے 741، بلوچستان کے 322، ملتان 315 اور بہاولپور کے 145 وکلاء ووٹ ڈالیں گے ، سپریم کورٹ بار الیکشن کے لئے پولنگ صبح 8:30 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔