نیو کراچی میں پولیس کی چھاپہ مار کارروائی، 8 بھتہ خور گرفتار، مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
کراچی:
نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے خفیہ ذرائع اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران تاجر سے 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کے الزام میں 8 بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ تاجر محمد عرفان جو کہ پرنٹنگ پریس کے مالک ہیں ان کی شکایت پر بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ نمبر 577 سال 2025 بجرم دفعات 384 ، 385 ، 506 اور 25 ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے درج کیا تھا۔
بھتہ خوروں نے تاجر کو فون کال کے ذریعے 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر مدعی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں، تاہم مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے بھتہ خوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد خفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھتہ طلب کرنے میں ملوث 8 ملزمان سلمان ولد طاہر حسین ، عاقب ولد جاوید ، عبدالرحمٰن ولد جاوید ، توصیف ولد عقیل ، فہد ولد اکبر ، مزمل ولد اکرم عدنان ولد جمیل اور عامر ولد جمیل کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس نے بھتہ خوروں سے مجموعی طور پر 12 موبائل فونز برآمد کیے ہیں جس میں 9 موبائل فونز ٹچ اسکرین جبکہ 3 کیپیڈ موبائل فون اور 3 پرس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس گرفتار بھتہ خوروں کا کرمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھتہ خوروں پولیس نے بھتہ طلب
پڑھیں:
کراچی میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کیخلاف سرچ آپریشن، 15 گرفتار
کراچی:پولیس نےسہراب گوٹھ کے مختلف علاقوں میں کومبنگ اورسرچ آپریشن کرکے 15 غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا گیا، جس کا مقصد جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانا تھا۔
کارروائی کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھروں، دکانوں اور ہوٹلوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔بائیو میٹرک تلاش ڈیوائسز کے ذریعے متعدد مشتبہ افراد کی شناخت و تصدیق بھی عمل میں لائی گئی۔
آپریشن کے دوران 31 گھروں، ہوٹلوں اور دکانوں کی تلاشی لی گئی جب کہ 15 غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ آپریشن میں ایس ایچ اوز، افسران و جوان، انٹیلیجنس اسٹاف، تلاش ڈیوائس آپریٹرز اور لیڈیز پولیس نے حصہ لیا ۔