نیو کراچی صنعتی ایریا، تاجر کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے 8 بھتہ خور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
کراچی:
نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے خفیہ ذرائع اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران تاجر سے 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کے الزام میں 8 بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ تاجر محمد عرفان پرنٹنگ پریس کے مالک ہیں اور ان کی شکایت پر بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے درج کیا تھا جبکہ بھتہ خوروں نے تاجر کو فون کال کے ذریعے 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر مدعی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے بھتہ خوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد خفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھتہ طلب کرنے میں ملوث 8 ملزمان سلمان طاہر حسین ، عاقب جاوید ، عبدالرحمان جاوید، توصیف عقیل، فہد اکبر ، مزمل اکرم، عدنان جمیل اور عامر جمیل کو گرفتار کرلیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بھتہ خوروں سے مجموعی طور پر 12 موبائل فونز برآمد کیے ہیں، جس میں 9 موبائل فونز ٹچ اسکرین جبکہ 3 کی پیڈ موبائل فون اور 3 پرس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ پولیس گرفتار بھتہ خوروں کا کریمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھتہ خوروں پولیس نے بھتہ طلب
پڑھیں:
کراچی، چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے پارٹس سے بھرا ٹرک برآمد، 2 ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد میں پاک کالونی پولیس نے پرانا گولیمار کے علاقے میں کباڑ کے گودام پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے اسپیئر پارٹس سے لدا ہوا مزدا ٹرک برآمد کرلیا، جبکہ اس دھندے میں ملوث دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے بڑی تعداد میں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجن اور دیگر پرزہ جات برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق یہ اسپیئر پارٹس ایک مزدا ٹرک میں لوڈ کیے جا چکے تھے، جسے موقع پر ہی قبضے میں لے لیا گیا۔
کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت زاہد اور عبدالبصیر کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ دو دیگر ملزمان ارباز خان اور نور الحق موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ان کی تلاش جاری ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے برآمد شدہ سامان اور دیگر ممکنہ وارداتوں کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس کارروائی سے موٹر سائیکل چوری کی ایک بڑی کڑی بے نقاب ہو گی۔