پیرس: لوور میوزیم سے تاریخی تاج و جواہرات چوری، چوروں نے 7 منٹ میں واردات مکمل کی
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
پیرس کے معروف لوور میوزیم میں ایک بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی، جس میں چور بے حد قیمتی تاج و جواہرات چرا کر فرار ہوگئے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق یہ کارروائی نہایت منظم انداز میں صرف 7 منٹ میں مکمل کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی میوزیم سے نوادرات کی چوری کا معاملہ، جرمن ڈائریکٹر مستعفی
فرانس کے وزیر داخلہ لوران نونیز نے بتایا کہ ہفتے کے روز 3 سے 4 نقاب پوش افراد مقامی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے میوزیم میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے عمارت کے جنوب مشرقی حصے سے کھڑکی توڑ کر اپالو گیلری میں رسائی حاصل کی، جہاں فرانس کے شاہی تاج و جواہرات رکھے گئے ہیں۔ یہ زیورات لوئی 14 کے دور سے تعلق رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق چوروں نے اشیا اٹھانے کے لیے ایک سامان بردار لفٹ استعمال کی اور شیشے کے شو کیسز کو چھوٹی چین سا مشینوں سے توڑا۔ صرف چند منٹ میں وہ 9 نایاب زیورات لے کر موٹر بائیکس پر موقع سے فرار ہوگئے۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم چوری شدہ اشیاء کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت ان کی مالی قدر سے کہیں زیادہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ’یہ زیورات فرانس کے ورثے کا ناقابلِ بدل حصہ ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: لمحوں میں لاکھوں کا سونا چوری، کیمرہ دیکھتا ہی رہ گیا
پیرس پولیس اور فرانزک ماہرین نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دریائے سین کے اطراف کی سڑکیں بند کر دیں۔ تفتیشی ٹیمیں ایک مکینیکل سیڑھی یا سامان بردار لفٹ کا بھی جائزہ لے رہی ہیں جو غالباً چوروں نے عمارت کی دیوار کے ساتھ استعمال کی۔ نگرانی کیمروں اور ٹریفک فوٹیج کا معائنہ بھی جاری ہے۔
پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے ’منظم چوری اور مجرمانہ سازش‘ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ ثقافتی اشیاء کی غیرقانونی اسمگلنگ کے خلاف کام کرنے والا خصوصی یونٹ بھی تحقیقات میں شریک ہے۔
وزیر ثقافت راشیدہ داتی نے واقعے کو ’فرانس کے مشترکہ ثقافتی ورثے پر افسوسناک اور تکلیف دہ حملہ‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نقصان کے تخمینے پر کام جاری ہے اور پیرس کے تمام میوزیمز میں سکیورٹی کے مزید اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس: نیچرل ہسٹری میوزیم سے 6 لاکھ یورو مالیت کے سونے کی چوری
لوور میوزیم نے اپنے آفیشل X اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ وہ ’’غیر معمولی وجوہات‘‘ کی بنا پر بند رہے گا اور زائرین کو ریفنڈ فراہم کیا جائے گا۔ میوزیم روزانہ تقریباً 30 ہزار افراد کی میزبانی کرتا ہے اور یہاں 35 ہزار سے زائد فن پارے موجود ہیں جن میں مشہور مصور لیونارڈو ڈاونچی کی مونا لیزا اور وینس ڈی مائلَو شامل ہیں۔
یہ واردات یورپ میں ہونے والی دیگر مشہور فن پاروں کی چوریوں کی یاد دلا رہی ہے اور اس نے ایک بار پھر میوزیمز کی سکیورٹی اور ثقافتی نوادرات کی غیرقانونی تجارت پر بحث کو تازہ کر دیا ہے۔ فرانسیسی حکام نے انٹرپول سے بھی رابطہ کرلیا ہے تاکہ ممکنہ طور پر یہ زیورات بیرونِ ملک اسمگل یا ٹکڑوں میں فروخت ہونے سے بچائے جا سکیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news پیرس تاج جواہرات چوری لوئی لوور میوزیم.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پیرس تاج جواہرات چوری لوئی لوور میوزیم فرانس کے
پڑھیں:
کراچی: طوطا پکڑنے کے بہانے نوجوان فلیٹ میں واردات کرکے فرار
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں طوطا پکڑنے کے بہانے نوجوان فلیٹ سے موبائل فون چوری کرکے فرار ہو گیا۔
گلستان جوہر کے ایک اپارٹمنٹ میں نوجوان لڑکا آیا اور ایک بزرگ شہری سے کہا کہ اس کا طوطا فلیٹ کی گیلری میں آگیا ہے جسے وہ پکڑنا چاہتا ہے۔
اجازت ملنے پر وہ گیلری کی طرف گیا تو وہاں طوطا نہیں تھا۔ نوجوان بزرگ شہری کو گیلری کے اوپر کی جانب متوجہ کرکے یہ کہتا ہوا چلا گیا کہ وہ اوپر سے طوطے کو اڑائے گا جو نیچے آئے تو دیکھتے رہنا۔
کافی دیر تک طوطا آیا اور نہ ہی نوجوان واپس پہنچا، جس پر اہلخانہ کو شک ہوا اور دیکھا تو لاؤنج میں ٹیبل سے موبائل فون غائب تھا۔