الیکشن کمشن کی نگران حکومت کی مدت بڑھانے کیلئے آئین میں ترمیم کی سفارش
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
اسلام آباد(آئی این پی ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے نگران حکومت کی مدت بڑھانے سے متعلق آئین میں ترمیم کی سفارش کر دی۔ الیکشن کمشن نے آئین کے آرٹیکل 224 ون میں ترمیم کی سفارش کی، الیکشن کمشن لیگل ریفارم کمیٹی نے سفارشات وزارت پارلیمانی امور کو ارسال کر دیں۔سفارش میں کہا گیا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کی صورت میں انتخابات 90 کے بجائے 120 روز میں کرائے جائیں۔الیکشن کمشن کی جانب سے اسمبلی کی مدت ختم ہونے پر انتخابات 60 کے بجائے 90 روز میں کرانے کی سفارش کی گئی، اس کے علاوہ انتخابی مہم کا وقت بھی 28 روز سے بڑھا کر 45 روز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ شیڈول اور عدالتی کارروائیوں کے باعث بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، عام انتخابات کی تیاری کی مدت بڑھانے کا مقصد بھرپور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: الیکشن کمشن کی سفارش کی مدت
پڑھیں:
آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے میڈیا کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے انتخابات 2026 کے لیے نیا میڈیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، پالیسی کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت، غیرجانبداری اور ذمہ دارانہ صحافتی روایات کو یقینی بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام میڈیا اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی کوریج کے دوران مکمل غیرجانبداری کا مظاہرہ کریں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر صرف مجاز میڈیا نمائندوں کو کوریج کی اجازت ہوگی تاہم پولنگ بوتھ کے اندر ووٹنگ کی خفیہ کارروائی کی کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ یا فوٹوگرافی سختی سے ممنوع ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ ختم ہونے سے قبل کسی بھی قسم کے ایگزٹ پول، نتائج یا رجحانات نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد نشر کرنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
اسی طرح غلط، غیر مصدقہ یا گمراہ کن معلومات نشر کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا۔تمام امیدواروں کو انتخابی کوریج میں مساوی اور منصفانہ نمائندگی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ میڈیا ادارے کی ایکریڈیٹیشن منسوخ کی جا سکتی ہے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
کمیشن نے تمام میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ انتخابی عمل کے اعتماد اور شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔