وزیراعظم کی برآمدات پر نافذ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات پر نافذ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملکی برآمدات پر نافذ کردہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے
وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا پچھلے 5 سال کا عالمی معیار کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔ اسی طرح ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ میں موجودہ رقم کےبہترین استعمال کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کو منتخب کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں موجود رقم کو صرف ملکی برآمدات میں اضافے،متعلقہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، برآمدی سیکٹر کی افرادی قوت کی ہنر مندی، ٹریننگ اور عالمی معیار کی جدید سہولتوں کے لیے استعمال کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے تحت جاری پروگرام اور تمام اسکیمز کا بھی تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ٹڈاپ (TDAP) کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ اور تشکیل نو کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا غیر متعلقہ اور غیر منطقی استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدی اشیا کی تشہیر اور پروموشن وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے صنعت کاروں کو فوری طور پر ہر ممکن سہولت پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
قبل ازیں اجلاس میں سفارشات پیش کی گئیں، جس پر وزیراعظم نے ورکنگ گروپ کے کام کی تحسین کی اور سفارشات پر مثبت انداز میں غور کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کے موثر احکامات جاری کیے۔
اہم اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین ایس۔ آئی۔ ایف۔ سی ( SIFC) اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وفاقی وزیر برائے کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس: جناح میڈیکل کمپلیکس پر کام تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں اسپتال کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے مختلف مراحل میں تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر آغا خان فاؤنڈیشن سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے علاج و معالجے کے تمام مجوزہ مراکز پر کام تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے عنقریب مکمل ہوگا، یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس پورے خطے میں صحت کے شعبے کا ایک مثالی منصوبہ ہوگا۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں نہ صرف طبی خدمات بلکہ بین الاقوامی معیار کی طبی تربیت، تعلیم اور تحقیق کے لیے درکار سہولیات کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تحقیق اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور روبوٹکس کا استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں جے ایم سی کے بورڈ نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں وزیراعظم کی جانب سے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
دریں اثنا اجلاس میں بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔