بلوچستان: ڈیرہ مراد جمالی میں بینظیر بھٹو میڈیکل کالج پر حملہ ناکام، 3 دہشتگرد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
ڈیرہ مراد جمالی کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 مبینہ دہشتگرد زخمی ہو گئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ مسلح افراد علاقے میں پہنچے اور ڈیرہ مراد جمالی کے قریب بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کے زیر تعمیر کیمپس پر حملہ کر دیا۔
کالج کیمپس پر حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لیا اور حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی کی، کچھ دیر تک بھاری فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں تین شدت پسند زخمی ہوئے۔
تاہم، فائرنگ کے بعد حملہ آور اپنے تین زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے دوران ڈرونز کا بھی استعمال کیا، کالج کیمپس پر فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
منگوچر سے 2 لاشیں برآمد
ادھر منگوچر کے علاقے بدرنگ کی پہاڑی رینج میں 2 افراد مردہ حالت میں ملے، جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لیا اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا، ہسپتال کے ایک اہلکار کے مطابق ’اموات کی وجہ جسم پر متعدد گولیوں کے زخم تھے‘۔
بعدازاں مقتولین کی شناخت شیخری گاؤں کے رہائشی قطب علی اور ضلع قلات کے جوہان علاقے سے تعلق رکھنے والے علی محمد کے طور پر ہوئی۔
حب میں خاتون اور مرد قتل
حب میں الگ الگ مسلح حملوں میں ایک خاتون اور ایک مرد کو قتل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ایک خاتون پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
اسی طرح جیم کالونی میں ایک نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، دونوں مقتولین کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی۔
زیارت میں حملہ ناکام، 5 افغان گرفتار
زیارت میں سیکیورٹی فورسز نے اتوار کی شام ایک مشتبہ دہشتگرد حملہ ناکام بنا کر 5 مسلح افراد کو گرفتار کر لیا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتاریاں زیارت ٹاؤن کے مضافات میں قائم ایک چیک پوسٹ پر کی گئیں۔
زیارت کے ڈپٹی کمشنر ریاض داوڑ نے تصدیق کی کہ ’سیکیورٹی فورسز نے اسپیرہ راغلا چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کو روک کر ان کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی، اور مزید بتایا کہ مشتبہ افراد افغانستان کے صوبہ قندھار سے تعلق رکھتے ہیں۔
زیرحراست افراد سے قبضے میں لیے گئے ہتھیاروں میں 11 دستی بم، 3 سب مشین گنز، 2 ایم-4 رائفلیں، ایک گرینیڈ لانچر، بھاری مقدار میں گولا بارود اور کمیونیکیشن کا سامان شامل ہے، ایک موٹرسائیکل اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے متعلق لٹریچر بھی برآمد ہوا۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اللہ بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ’سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے ان کی قربانیاں ہمارا فخر ہیں‘۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز کے مطابق
پڑھیں:
کراچی، رینجرز اور ایس آئی یولیس کے ساتھ مقابلے میں 3 بھتہ خور ہلاک، ایک زخمی گرفتار
کراچی:ملیر 15 کے علاقے میں سندھ رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ مقابلے میں تین ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مبینہ بھتہ خوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد تین ملزمان مارے گئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
فائرنگ ختم ہونے کے بعد ہلاک اور زخمی ملزمان کو ریسکیو کی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شاہ رخ، راحب اور علی حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے کی گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزمان بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں اور ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔