پاکستان کی خاتون پولیس افسر نے بھارتی حریف کو شکست دے کر عالمی اعزاز جیت لیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم نے بھارتی حریف کو شکست دے کر بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ارم خانم نے سری لنکا میں ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چمپئن شپ 2025 میں 2 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
انسپکٹر ارم خانم نے پاور لفٹنگ میں اوّل پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس کے علاوہ ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں بھی اوّل پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
انسپکٹر ارم خانم کی سی پی او آفس آمد پر راولپنڈی پولیس کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے انسپکٹر ارم خانم کی حوصلہ افزائی کی اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر ارم پنجاب پولیس کا ایک درخشاں ستارہ ہیں۔
سید خالد ہمدانی نے کہا کہ انسپکٹر ارم خانم کی نمایاں کامیابی نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انسپکٹر ارم خانم
پڑھیں:
ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ: پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس نے 5 میڈلز جیت لیے
ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس نے 5 میڈلز جیت لیے۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہونے والی چیمپئن شپ کے مقابلوں میں دنیا بھر کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ایتھلیٹس نے 4 گولڈ اور ایک ایک سلور میڈل حاصل کیا۔
انسپکٹر ارم خانم نے 84 کلوگرام کیٹیگری میں 2 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ ہیڈ کانسٹیبل مجید ڈوگر نے ماسٹر تھری کیٹیگری میں 2 گولڈ میڈلز جیتے۔
کانسٹیبل عظیم گجر نے سینئر کیٹیگری میں سلور میڈیل جیتا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں میڈل جیت کر محکمے کا نام روشن کرنے والے پولیس ایتھلیٹس کو شاباش دی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کی اسپورٹس ٹیمیں بین الاقوامی و قومی سطح پر مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔ بین الاقوامی کھیلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑی پنجاب پولیس کا فخر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، سرپرستی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رہیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس اسپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، چیف اسپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی فاتح کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔