کراچی: ڈالمیا میں پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے ڈالمیا میں ایک مبینہ ٹارگٹڈ حملے میں پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما جاں بحق ہوگئے۔عزیز بھٹی تھانے کے ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سعید احمد دھاریجو نے ڈان کو بتایا کہ پیپلزپارٹی رہنما 40 سالہ فائق خان شانتی نگر میں اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے انہیں گولی مار کر قتل کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انہیں شبہ ہے کہ قتل کے پیچھے کوئی ذاتی دشمنی ہے، تاہم پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے ڈان کو بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا کیونکہ ملزمان نے مقتول کے سر میں گولی ماری تھی۔وقار مہدی نے کہا کہ فائق خان نے علاقے میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کام کیا تھا اور وہ سابق کونسلر اور اس وقت یونین کونسل ڈالمیا کے پیپلزپارٹی کے صدر تھے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور واقعے کی اصل وجہ معلوم کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی کے قریب رکن سندھ اسمبلی جام مہتاب ڈہر کے قافلے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کے 2 محافظ جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
دوسرا ٹی 20، نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
فارم 47 والے پی پی کی کرپشن اور بیڈ گورننس کا نوٹس لے کر کراچی کو تباہ ہونے سے بچائیں، آفاق احمد
مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں ترقی کے نام پر سندھ حکومت نے 17 سالوں میں کھربوں روپے ہڑپ کیے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کو پیپلز پارٹی نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، صوبے کو ہر سال جتنا ریونیو کراچی دیتا ہے اس کا 10 فیصد بھی شہر پر نہیں لگتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 17 برسوں میں صرف شہر کی ڈیویلپمنٹ کے پیسوں میں سے سندھ حکومت کھربوں روپے ہڑپ کرچکی ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ غیر مقامی افراد کی انتظامی عہدوں پر تعیناتی ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہر کو تباہ کرنے کیلئے اندرون سندھ سے اٖفسران لاکر شہر میں تعینات کردیئے ہیں جو دونوں ہاتھوں سے شہر یوں کو لوٹ رہے ہیں۔
آفاق احمد نے کہا کہ جس تیزی اور تسلسل کے ساتھ شہر کا انفراسٹرکچر تباہ کیا گیا اسکی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی لیکن اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ جن لوگوں نے پیپلز پارٹی کا عذاب شہر اور صوبے پر مسلط کیا وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جو ناصرف شہر بلکہ ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ کراچی نا صرف صوبے بلکہ ملک کو پالنے والا شہر ہے جسکی گود اجاڑی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے کسی اچھائی کی توقع نہیں کی جاسکتی، فارم 47 بنانے والے پی پی کی کرپشن، اقرباء پروری اور بیڈ گورننس کا نوٹس لیں اور کراچی کو تباہ ہونے سے بچائیں۔