معاشی استحکام نے مارکیٹ کو نئی زندگی بخشی اور ترقی کی نئی راہیں کھول دیں، وزیرخزانہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام نے مارکیٹ کو نئی زندگی بخشی ہے اور ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزارتِ خزانہ میں عالمی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والی فرم الویریز اینڈ مارسل کے وفد نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی، یہ ملاقات پاکستان میں نجکاری کے عمل اور خودمختار ویلتھ فنڈ کے قیام کے سلسلے میں جاری مشاورت کا حصہ تھی۔
الویریز اینڈ مارسل کے وفد کی قیادت مسٹر پیٹر بریگز، ڈویژن ایگزیکٹو، نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ مسٹر عبداللہ الاِبعاری، منیجنگ ڈائریکٹر، اور مسٹر رضا باقر، گلوبل ہیڈ آف سوورین ایڈوائزری، بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پیٹر بریگز نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے الویریز اینڈ مارسل کے مضبوط عزم کا اظہار کیا اور اس خطے کی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں کمپنی کی طویل المدتی حکمتِ عملی کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے پر غور کر رہی ہے تاکہ حکومت کو نجکاری کے عمل میں مدد فراہم کی جا سکے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جا سکے۔
ان کے مطابق پاکستان کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ سرمایہ کاری اور طویل مدتی ترقی کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے الویریز اینڈ مارسل کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے نجکاری اور سوورین ایڈوائزری میں کمپنی کی مہارت کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کو مؤثر انداز میں کھولنے کے لیے ان کے ممکنہ کردار کو سراہا، بالخصوص بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے ضمن میں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اب تک 24 سرکاری اداروں کو نجکاری کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔
اس موقع پر سینیٹر اورنگزیب نے گزشتہ 14 ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت میں ہونے والی بہتری کا ذکر کیا اور کہا کہ معیشت کے استحکام نے مارکیٹ کو نئی زندگی بخشی ہے اور ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔
انہوں نے عالمی شپنگ کمپنی اے پی مولر میرکس کی جانب سے میری ٹائم سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کے حالیہ اعلان کا حوالہ دیا، اس کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کار اور کاروباری حضرات بھی نئے جوش و جذبے سے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آ رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ سب معاشی بہتری کی واضح علامتیں ہیں اور پاکستان کی ترقی کے لیے امید افزا اشارے ہیں۔
آخر میں، وزیر خزانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کا وژن وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اہداف کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینا اور خطے میں ابھرتے ہوئے اقتصادی کوریڈور سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ الویریز اینڈ مارسل کے ساتھ شراکت داری پاکستان اور اس کی معیشت کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سرمایہ کاری پاکستان میں نجکاری کے انہوں نے کاری کے کے لیے
پڑھیں:
معیشت مستحکم کرنا اولین ترجیح، سرمایہ کاروں کو سہولتیں دی جائیں: شہباز شریف
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سینیٹر مشتاق احمد خان اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے دیگر گرفتار پاکستانی امدادی کارکنوں کی رہائی اور بازیابی کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے قوم کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم نے انہیں بتایا ہے کہ اس اہم نوعیت کے مسئلہ پر انہوں نے وزیر خارجہ اسحق ڈار کی ذمہ داری لگا دی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ یہ صرف جماعت اسلامی کا معاملہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے حوالے سے اس کی اہمیت ہے۔ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ اور گرفتاریاں سخت قابل مذمت ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ پروگرام پر بھی جماعت اسلامی بلکہ پوری قوم کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو صرف آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبہ پر قائم رہنا چاہیے اور کسی ایسے منصوبہ کی حمایت نہیں کرنی چاہیے جو بالآخر اسرائیل ہی کو طاقت فراہم کرے۔ امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم سے کہا کہ آزاد کشمیر کی تشویش ناک صورت حال اس بات کی متقاضی ہے کہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ احتیاط کا برتاؤ کیا جائے۔ حکومت ذمہ داری کے ساتھ اس معاملے کا بات چیت کے ذریعے حل نکالے اور ایسا کوئی بیانیہ جو صرف چند لوگ کے زیر اثر ہے اسے تمام کشمیریوں کا مؤقف نہ سمجھا جائے۔ کشمیری پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ملک اور کشمیر کاز کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے اور دشمن اس کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے فلسطین میں جنگ بندی اور فلسطینیوں کے جاری قتل عام کی فوری روک تھام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر مؤقف دوٹوک اور واضح ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے ہر فورم پر اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتا رہے گا۔ فلسطینی ریاست کو 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ہونا چاہئے۔ فلسطین کا دارالخلافہ القدس الشریف کو تسلیم کیا جانا چاہئے۔ پاکستان نے فلسطینی بہن بھائیوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے ہمیشہ زور دار طریقے سے لڑا۔ آٹھ اسلامی ممالک فلسطین میں جنگ بندی کیلئے اپنی فعال‘ بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ پرامید ہیں کہ بہت جلد یہ کوششیں رنگ لائیں گی۔ امن کے ساتھ ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کا دیرینہ خواب پورا ہو گا۔ فلوٹیلا سے اسرائیلی زیرحراست پاکستانیوں کی واپسی کیلئے حکومت متحرک ہے۔ کشمیر میں امن کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات کی فراہمی اور اقتصادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں نجی شعبے کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے\ عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کے تمام مواقع کو بروئے کار لایا جائے گا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی معیشت اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں مجموعی اقتصادی صورتحال، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اقتصادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہوگا، ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مثبت معاشی رجحان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا عکاس ہے۔ شفافیت، بین الاقوامی معیار کے مطابق معاشی پالیسیوں کی تشکیل اور پالیسیوں پر فوری عملدرآمد کے ذریعے پاکستان کو خطے میں سرمایہ کاری کا پرکشش مرکز بنایا جائے گا۔ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کے تمام مواقع کو بروئے کار لائے گی، ہماری جاری معاشی اور اقتصادی اصلاحات کی پالیسی نے معیشت کو ایک نئی سمت دی ہے اور اس جدت اور شفافیت کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجارت کو بھی فروغ دینا ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔ اجلاس میں توانائی، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبے میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔