پوری قوم افواج پاکستان کے پیچھے کھڑی، عطا تارڑ: سندھ طاس معاہدہ معطلی انسانی کیخلاف جرم، بلاول
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کئی جنگیں ہوئیں لیکن انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔ اس دفعہ پہلی بار مودی نے معاہدہ ختم کیا، پاکستان اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے، پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کررہا بلکہ خود دہشت گردی کا شکار ہے، پاکستانی قوم نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا۔ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہم پاکستان کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی کا بیانیہ زمیں بوس ہورہا ہے۔ دنیا اب جاگ رہی ہے۔ مودی جیسا مائنڈ سیٹ ہی تھا جس نے پاکستان بننے کی راہ ہموار کی۔ اس مرتبہ انڈین ایئر فورس کا پورا سکوارڈن اتاریں گے۔ اس دفعہ چائے کی پیالی کے بجائے ڈرم بھیجیں گے کیوں کہ مودی کا آبائی پیشہ بھی چائے کا تھا۔ اس دفعہ تمہیں تمہاری حیثیت یاد دلا دیں گے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سمیت وزراء کی 22 سیٹیں خالی ہیں۔ یہ حکومت کی سنجیدگی ہے، پی پی پی کی قیادت موجود ہے، اپوزیشن موجود ہے مگر مسلم لیگ ن ایوان سے غائب ہے۔ حکومتی رویے سے لگتا ہے کہ حکومت سرنڈر کر چکی ہے۔ اعجاز الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی مشکل وقت آتا ہے قوم اختلافات بھلا کر متحد ہو جاتی ہے۔ جو بات عمر ایوب خان نے کی اس سے اتفاق کرتا ہوں، حکومت تھوڑی سی ایوان پر توجہ دے۔ بھارتی وزیراعظم نے گجرات میں ہولوکاسٹ کیا۔ وقت آئے گا جب پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کی قوم مودی سرکاری کے خلاف آوازیں اٹھا رہی ہے۔ بھارتی قوم آج مودی سے سوال کررہی ہے کہ سفارتکاری میں ناکامی کیوں ہوئی؟۔ ہم نے پہلگام واقعہ پر ٹھیک وقت پر پتا کھیلا کہ تحقیقات کرا لو۔ بھارت آہستہ آہستہ بند گلی میں جا رہا ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے۔ ایوان سے خطاب میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پہلگام واقعے سے سب کے دل لرزے، ہم وہ ملک ہیں جو دہشت گردوں کو چن چن کر مارتے ہیں۔ پانی ایسی چیز ہے جس سے معیشت بھی چلتی ہے، پانی ہماری ریڈ لائن ہے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے ایوان میں اپنی تقریر کو ’سینسر‘ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ میڈیا کے مطابق عمر ایوب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ’آپ کی رولنگ اور ایوان میں دی گئی ذاتی یقین دہانی کے باوجود میری تقریر کو سینسر کیا گیا اور قومی اسمبلی کے میڈیا اور فوٹوگرافی ونگ کی جانب سے پارلیمانی کارروائی اور بحث کے تسلسل میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالی گئی‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دباؤ کا عمل آپ کی واضح یقین دہانی کی خلاف ورزی ہے اور اس سے پارلیمانی امور کی شفافیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
بھارتی جنگی جنون کیخلاف پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، چوہدری شجاعت
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے حملے کے لیے پہلگام واقعہ کر کے تاریخ کی شرمناک حرکت کی ہے۔ بھارت کو بروقت اور مؤثر جواب دینے پر پاک افواج مبارک باد کی مستحق ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ بھارتی حملے پاکستان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ بھارتی جنگی جنون کیخلاف پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے حملے کے لیے پہلگام واقعہ کر کے تاریخ کی شرمناک حرکت کی ہے۔ بھارت کو بروقت اور مؤثر جواب دینے پر پاک افواج مبارک باد کی مستحق ہیں۔ بھارتی جنگی جنون کے خلاف پاکستانی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قوم، حکومت اور افواج مل کر بھارت کے عزائم خاک میں ملائے گی۔