وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا سے اہم ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
فوٹو بشکریہ اے پی پی
برطانیہ کے 3 روزہ سرکاری دورے پر موجود وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ہیمش فالکنر سے اہم ملاقات کی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ہمیش فالکنر کو گزشتہ شب بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شہری آبادی پر بلااشتعال حملوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی علاقائی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرے گا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔
وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب برطانیہ کے 3 روزہ سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے۔
وزیرِ خزانہ نے برطانوی وزیر کو یاد دہانی کروائی کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کےلیے ہندوستان کو متعدد بار پیشکش کی جس میں برطانیہ کے تعاون سے ثالثی کی پیشکش بھی شامل تھی، تاہم ہندوستان نے پاکستان کی ان مخلصانہ پیشکشوں کو مسترد کر کے پاکستان کے خلاف بلاجواز جارحیت کی۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کی ان بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرے۔
انہوں نے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر ہیمش فالکنر نے بھارتی حملوں میں ہونے والے شہری جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو بات چیت اور باہمی روابط کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: محمد اورنگزیب جنوبی ایشیا برطانیہ کے
پڑھیں:
وزیراعظم اور یو این سیکرٹری جنرل میں ٹیلیفونک رابطہ، جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو
فائل فوٹو۔وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیاء کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد سے سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کی جنوبی ایشیاء کی حالیہ پیشرفت میں روابط کی کوششوں کو سراہا اور کشیدگی میں کمی اور تصادم سے بچنے کی ضرورت کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا اور کہا بھارت اشتعال انگیز بیان بازی اور جنگ کو ہوا دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے عالمی مالیاتی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیر اعظم کو خطے میں امن کے لیے کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا، یو این سیکریٹری جنرل نے معاملے پر تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔