بھارت نے جارحیت کا راستہ اپنایا، پاکستان اپنا دفاع کرے گا: ترجمان دفتر خارجہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
ترجمان دفتر خارجہ---فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے جنگی جنون کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت نے امن کے بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات کرے گا۔
اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف بےبنیاد پروپیگنڈا کیا، بھارت کے اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستان نے عالمی قوانین اور یو این کے منشور کی خلاف ورزیوں کے باوجود ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا، عالمی برادری غیر ذمے دارانہ طرز عمل پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی جارحیت پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کا پاکستان میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، کیا کوئی ملک سوشل میڈیا کی بنیاد پر دوسرے ملک پر چڑھائی کرسکتا ہے؟ ایک بار پھر پہلگام واقعے کے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی سیکریٹری خارجہ نے گزشتہ روز بریفنگ میں پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائے، پاکستان نے نیک نیتی کے ساتھ پہلگام واقعے کی غیر جانب دارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت پہلگام واقعے سے متعلق کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام رہا، بھارت پہلے اپنا ریکارڈ درست کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کا شکار ہونے اور مظلومیت کا ڈرامہ کر رہا ہے، وہ خود دہشت گردی میں ملوث ہے، سندھ طاس معاہدہ دوطرفہ نہیں عالمی معاہدہ ہے، نیلم جہلم منصوبے کو بھارتی حملے میں نقصان پہنچا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ترجمان دفتر خارجہ پہلگام واقعے نے کہا کہ کہ بھارت
پڑھیں:
بلاول بھٹو زرداری کا عالمی یومِ امن پر پیغام، اسرائیل و بھارت کی جارحیت روکنے کا مطالبہ
اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے، امن خوشحالی کی بنیاد ہے، جس کے بغیر جمہوریت کمزور، انصاف ماند اور انسانی روح زخمی ہو جاتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف تنازعات کی غیر موجودگی نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کا نام ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے رواں سال کے تھیم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل اور بھارت کی بلا روک ٹوک جارحیت اور مظالم کو فوری طور پر بند کرائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی فوجی کارروائیاں نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، ان کے بقول اسرائیلی افواج کے غزہ میں مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت انسانیت کے ضمیر پر ایک دائمی زخم ہیں، جنہیں دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے، امن خوشحالی کی بنیاد ہے، جس کے بغیر جمہوریت کمزور، انصاف ماند اور انسانی روح زخمی ہو جاتی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پاکستان کے بانیوں اور پارٹی کی شہید قیادت کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے وقار، انصاف اور امن پر مبنی وطن کا خواب دیکھا اور اس کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہاپسندی، غربت اور عدم مساوات امن کے لیے بڑے خطرات ہیں، جبکہ حقیقی امن صرف خاموشی یا جبر سے قائم نہیں کیا جا سکتا، اس کے لیے سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کا بااختیار بنانا اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عزم دہرایا کہ پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد ایک پرامن، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جاری رکھے گی، جو قائداعظم کے وژن کے مطابق ہو اور دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں موثر کردار ادا کرے۔