افواج پاکستان نے پوری قوم کی حمایت کیساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا: ترجمان پاک فوج
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ہم ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور افواج پاکستان نے پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘’ افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور غیرمتزلزل عزم کا استعارہ ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نے متعدد بار بھارت کو خبردار کیا تھا کہ وہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، پاکستان نے واضح کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت کی گئی تو اُس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ’13 لاکھ بھارتی فوج ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتی، ہم پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور ملکی سرحدوں اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہمارے پیغام واضح ہے کہ ہم تیار ہیں آزمانا نہیں.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: افواج پاکستان پاکستان نے پاکستان کی جارحیت کا جواب دیا پاک فوج تھا کہ ایس پی
پڑھیں:
مودی کا جنگی جنون خطہ کے 2 ارب عوام کیلیے تباہی کا باعث بن رہا ہے، سردار عتیق
اپنے ایک بیان میں مسلم کانفرنس کے رہنما کا کہنا ہےکہ پاکستان اور پوری کشمیری عوام دفاعِ وطن اور محاذِ جنگ پر دلیری سے ڈٹے افواجِ پاکستان کے جوانوں کے پشت بان اور یک جان و یک آواز ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے باعث شہید اور زخمیوں ہونے والوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ پاک فوج نے بھرپور حکمت عملی اور بہادری کے ساتھ بھارتی حملے کے خلاف ملکی سلامتی کا دفاع کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مسلم کانفرنسی کارکنان پاک فوج کہ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر بنائی گئی قومی رضاکار تحریک میں تمام مکاتب فکر اس میں شامل ہو کر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا جنگی جنون خطہ کے 2 ارب عوام کے لیے تباہی کا باعث بن رہا ہے۔ پاکستان اور پوری کشمیری عوام دفاعِ وطن اور محاذِ جنگ پر دلیری سے ڈٹے افواجِ پاکستان کے جوانوں کے پشت بان اور یک جان و یک آواز ہیں۔ عوام کو پُختہ یقین ہے کہ افواجِ پاکستان مملکتِ خداداد کے دفاع میں کامیاب ہوں گی اور بھارتی جارحیت کا بہترین حکمتِ عملی سے جواب دیں گی۔ پاکستان اللہ رب العزت کے ساتھ کلمہ طیبہ کے نظام کے قیام کے عہد کیساتھ آزاد وطن بنا۔ 1965ء کے عظیم متحد جذبوں کو ایک بار پھر زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور کشمیری قوم میں اب بھی وہ جذبہ موجود ہے۔ حکومت نے تمام اختیارات فوجی قیادت کے سپرد کر دیے، فوجی قیادت مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ ملک کے دفاع کا فریضہ ادا کر رہی ہے۔ یہ امر سب پر عیاں ہے کہ بھارت جھوٹا، مکار، سفاک اور انسانیت دشمن ہے اور اس کا جھوٹا پروپیگنڈہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔
بھارت کا پاکستان پر حملہ نہ صرف بزدلانہ اقدام ہے بلکہ پاکستان کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے عالمی برادری بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے بالخصوص جب امریکی صدر ٹرمپ بھارت کی محدود سرجیکل اسٹرائیک کی حمایت کرتے ہوئے جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائیوں پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ پاکستانی قوم ہر موقع پر اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی اور بھارتی جارحیت کا پاکستان کی افواج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔