برطانیہ نے خضدار میں بچوں کی بس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کردی
اشاعت کی تاریخ: 21st, May 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان میں تعینات برطانیہ کی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ خضدار میں بچوں کی وین پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ خضدار میں بچوں کی وین پر بزدلانہ دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی شہادت اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے پردلی طور پرغمگین اورافسردہ ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں اور اس سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر حملے کے نتیجے میں 3 معصوم بچے اور دو جوان شہید اور 53 افراد زخمی ہوئے، جن میں 39 بچے شامل ہیں اور 8 کی حالت نازک ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اقوام متحدہ ادارے یونیسف کی خضدار اسکول بس حملے کی مذمت
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ بچے کسی صورت میں تشدد کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں۔
یونیسف کی چیف آف ایڈوکیسی اینڈ کمیونی کیشنز کیرن ریڈی نے کہا کہ ہم اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بچے کے لیے اسکول جانا کبھی بھی خطرناک عمل نہیں ہونا چاہیے، افسوس کی بات ہے پاکستان میں بہت سے بچوں کےلیے یہی تلخ حقیقت بن چکی ہے۔
یونیسف ترجمان نے مزید کہا کہ آج خضدار میں اسکول جانے والے بچوں کو بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان معصوم بچوں کی زندگیاں، خواب اور مستقبل تباہ ہو گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بس بہت ہو چکا یہ المناک تشدد اور بے معنی تکلیف ختم ہونی چاہیے، بچے کسی بھی صورت میں تشدد کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں۔