بھارت نے دہشتگردی کو خارجہ پالیسی کا اہم جز بنا لیا: عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 5th, June 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن بْنیان المرصوص کے دوران بلوچستان پر 32 حملے کیے گئے، جس طرح بھارت کو شکست ہوئی اسی طرح بلوچستان میں بھارت کی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی اور بلوچستان میں امن لوٹے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت فرسٹریشن کا شکار ہے، اسے جنگ میں اور بیانیے دونوں میں شکست ہوگئی، فیلڈ مارشل نے اسے جو مار کھلائی ہے اور جو اسے بری شکست ہوئی ہے تو اس کے پاس بات کرنے کے لیے کچھ نہیں، اس کے اپنے لوگ اس سے سوال پوچھ رہے ہیں اور وہ اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جز بنایا ہوا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اس کا ثبوت ہے، اسی طرح بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان موجود ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا حاضر سروس آفیسر ہے جو خود کو کاروباری شخص ظاہر کرکے پاکستان میں دہشت گردی کرارہا تھا، کلبھوشن اسی خارجہ پالیسی کے تحت یہاں دہشت گردی کررہا تھا، ان کے وزرا اور مودی ہمیشہ اپنی تقاریر میں ہمیشہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہیں کیوں کہ ان کے ہینڈلر یہاں کارروائیاں کرتے ہیں، فتنۃ ہندوستان سے ہماری فورسز بڑے طریقے سے نمٹ رہی ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں پٹڑی کو اڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہ فوٹیج پاکستان میں موجود نہیں تھی بھارتی میڈیا پر پہلے آگئی، جعفر ایکسپریس حملے پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں، چند بلوچ دہشت گردوں کو بھارتی میڈیا خوب نمایاں کرتا ہے، بھارتی میڈیا بھرپور طریقے سے فیک نیوز کا سہارا لیتا ہے نور ولی دہشت گرد کے لیے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ نہیں چلنا چاہیے تھا وہ دہشت گرد ہے، انڈین میڈیا انہیں سیلیبریٹ کرتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر ایک ویڈیو پیش کی۔ جس میں بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے حقائق پیش کیے گئے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت متعدد بھارتی وزرا کے بلوچستان سے متعلق بیانات، میڈیا کی خبریں دکھائی گئیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بلوچستان میں
پڑھیں:
بلوچستان: فورسز کے آپریشن میں 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک، حملوں میں پولیس اور لیویز کے 2 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع شیرانی کے پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی خضدار میں 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب بھارتی پراکسی دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندستان‘ کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی سرپرست دہشت گرد واصل جہنم کیے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا،دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
علاوہ ازیں، بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں پولیس اور لیویز کا ایک، ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں تھانوں کے کمیونی کیشن سسٹم کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حملوں میں 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، واقعے کے بعد سول ہسپتال ژوب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
Post Views: 3