کراچی، سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، شہری کی فائرنگ سے ملزم زخمی، گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا کی پٹھان کالونی میں شہید قبرستان کے قریب اسٹریٹ کرمنلز نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی۔
تاہم شہری کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب عبداللہ نامی شہری سے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی۔
شہری نے فوری ردعمل دیتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت اکرام کے نام سے کی گئی ہے، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی شہری جاں بحق
شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی ۔سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی شخص سول اسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا ، شہر میں رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 64 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران سرجانی ٹاؤن کے لیاری 36 علی مینگل گوٹھ میں جمعرات کی شب ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ راشد کو فائرنگ کر کے شدید زخمی گیا تھا جسے سر پر گولی لگی تھی، مضروب کو ابتدائی طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جسے بعدازاں سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جو ہفتے کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔
شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 64 ہو گئی۔