پاکستان کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں جیسن ہولڈر نے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
کراچی:
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں سابق اسٹار ڈیوین براوو کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا۔
اتوار کو سینٹرل براوارڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
جیسن ہولڈر کی اب 74 میچوں میں 81 وکٹیں ہو چکی ہیں جبکہ ڈیوین براوو نے 91 میچز میں 78 وکٹیں لی تھیں۔ براوو نے 2006 میں اپنا ڈیبیو کیا تھا اور 2021 تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔
ٹی 20 انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست:
جیسن ہولڈر – 81 وکٹیں
ڈوین براوو – 78 وکٹیں
عقیل حسین – 72 وکٹیں
روماریو شیفرڈ – 64 وکٹیں
الزاری جوزف – 62 وکٹیں
یاد رہے کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
میچ کے دوران جیسن ہولڈر نے 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اہم ترین 16 رنز بھی اسکور کیے جس میں آخری گیند پر وننگ شاٹ بھی شامل تھا، آل راؤنڈ پرفارمنس پر انہیں مین آف د میچ قرار دیا گیا۔
قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے تھے، ویسٹ انڈیز نے مقررہ ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جیسن ہولڈر نے ویسٹ انڈیز
پڑھیں:
محمد سراج کا بین الاقوامی کرکٹ میں اہم سنگ میل، ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا
کراچی:بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا۔
محمد سراج نے نہ صرف انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا بلکہ بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو وکٹوں کے معاملے میں بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دوسرے دن کے کھیل میں جب بھارت کی پوری ٹیم صرف 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی تو سراج پرسدھ کرشنا کے ساتھ مل کر انگلینڈ کو واپس دباؤ میں لائے۔
دونوں بولرز نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ کی ٹیم کو 247 رنز پر آؤٹ کر دیا، سراج نے اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک اور جیمی اسمتھ جیسے اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس شاندار اسپیل کے بعد سراج کے ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 118 ہوگئی ہے جبکہ وہ ون ڈے میں 71 اور ٹی ٹوئنٹی میں 14 وکٹیں لے چکے ہیں۔
یوں محمد سراج کی بین الاقوامی وکٹوں کی مجموعی تعداد 203 ہو گئی ہے جو سچن ٹنڈولکر کی 201 وکٹوں سے زیادہ ہے۔
یہ سراج کا انگلینڈ میں چھٹا موقع تھا جب انہوں نے کسی ایک اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے جسپریت بمراہ کا پانچ چار وکٹوں والے اسپیلز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ایشیائی بولرز میں صرف پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انگلینڈ میں چھ بار چار یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 45 وکٹیں اپنے نام کیں۔