’مسلح افواج اور عوام کا اٹوٹ رشتہ اجتماعی قوت کا بنیادی ستون ہے‘: عسکری قیادت کا 78ویں یومِ آزادی پر پیغام
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
راولپنڈی (نیوز ڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج پاکستان کی جانب سے پوری قوم کو پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی پرمسرت اور تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ عسکری قیادت نے اس موقع کو اتحاد، استقامت اور ایک روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی عظیم کامیابی سے تعبیر کیا۔
اپنے پیغام میں عسکری قیادت نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیاں، جرات اور غیر متزلزل عزم و یقین نے آزادی کی راہ ہموار کی۔ یہ قربانیاں آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا روشن مینار ہیں۔
مسلح افواج نے ان تمام رہنماؤں، مدبرین اور جانباز سپاہیوں کو بھی گہری عقیدت اور شکرگزاری کے ساتھ یاد کیا جنہوں نے اس ملک کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
قیادت نے اس عزم کو دہرایا کہ بطور قومی سلامتی کے محافظ، مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری اور ان تمام اقدار کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں جو ہماری قومی شناخت کی اساس ہیں۔
عسکری قیادت نے کہا کہ مسلح افواج اور عوام کا اٹوٹ رشتہ ہی ہماری اجتماعی قوت کا بنیادی ستون ہے۔ یوم آزادی کے اس مبارک موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ امن، ترقی اور یکجہتی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔
Post Views: 6.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: عسکری قیادت مسلح افواج قیادت نے
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔