کراچی، مختلف حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ایک واقعہ جیل چورنگی کے قریب پیش آیا، جبکہ دوسرا واقعہ کلفٹن دو دریا کے ساحل پر پیش آیا۔
پہلے واقعے میں جیل چورنگی اسٹاپ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 45 سالہ خاتون شازیہ جاں بحق ہوگئیں۔
چھیپا حکام کے مطابق خاتون موٹر سائیکل پر سوار تھیں جب ان کا برقع موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا، جس کے باعث وہ نیچے گر کر شدید زخمی ہو گئیں۔
زخمی حالت میں خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسرے واقعے میں کلفٹن دو دریا کے قریب واقع ایکسپریس وے بس اسٹاپ کے نزدیک سمندر کے کنارے سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان عظیم کے مطابق لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی فوری شناخت کی جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بہاولپور: خاتون نے ساس سے جھگڑے کے بعد بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی
پنجاب کے شہر بہاولپور میں خاتون نے ساس سے جھگڑے کے بعد بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ المکہ ٹاؤن میں خاتون اور اس کے 2 بچوں کا قتل ہوا، لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق 26 سال کی خاتون کا اپنی ساس سےجھگڑا ہوا تھا۔
خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بچوں کو قتل کرکے خودکشی کی، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں میں 4 سال کی بیٹی، ڈھائی سال کا بیٹا شامل ہیں، لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔